آرایم آئی میڈیاکرکٹ لیگ 2 میں پی پی پی مارخور نے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

پی پی سی مارخورکی ٹیم نے پی پی سی کنگز کو 10رنز سے شکست دی، قاری گل رحمان نے شاندار بیٹنگ اور بائولنگ کی

بدھ 2 مئی 2018 22:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) آر ایم آئی ، خیبرپختونخوا سپورٹس ڈائریکٹریٹ ،ٹاپ اپ واٹر کمپنی اور ٹریفک وارڈن پولیس کے باہمی اشتراک اور پشاورپریس کلب کے زیراہتمام آر ایم آئی میڈیا کرکٹ لیگ 2 میں پی پی سی مارخور کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا، سیمی فائنل میں پی پی سی کنگز کی ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا، اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین محسودمہمان خصوصی تھے ، ان کے ہمراہ ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال، ایس ایس پی ٹریفک یاسر آفریدی ، سی ٹی جی ایم کے عمران بخاری ، آر ایم آئی کے میڈیا کوآرڈینیٹر سجاد خان اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں، ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل گزشتہ روز ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پشاور میں منعقد ہوا جس میں پی پی سی کنگز کی ٹیم نے ٹا س جیت کر مارخور کی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کا موقع دیا جس میں پی پی سی مارخور نے 8وکٹوں کے نقصان پر 86رنز بنائے ، مارخور کی ٹیم کے قاری گل رحمان 29رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، پی پی سی کنگز کی جانب سے وقار احمد نے 3جبکہ شہزاد خان اور عثمان دانش نے 2,2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ، جواب میں پی پی سی کنگز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کرسکی اور مقررہ اوورز میں 76رنز تک محدود رہی ، جس میں وقار احمد 25اور وقارخان 22 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے ، پی پی سی مارخورکی جانب سے قاری گل رحمان ، نوید اور رضوان نے 1,1وکٹ حاصل کی ، آخر میں مہمان خصوصی آئی جی پولیس صلاح الدین محسود نے جیتنے والی ٹیم کیلئے 20ہزار اور رنر اپ ٹیم کیلئے 15ہزار کیش انعام کا بھی اعلان کیا جبکہ ٹاپ اپ واٹر کمپنی کی جانب سے مین آف دی میچ کھلاڑی کیلئے 2ہزار کیش اور میڈل بھی پیش کیا گیا ،میچ میں امپائرنگ کے فرائض ثناء اللہ اور عثمان نے سرانجام دیئے جبکہ سکورنگ عمران یوسفزئی نے کی ، ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل آج ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں پی پی سی قلندرز اور پی پی سی سلطانز کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔