کراچی میں سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں صدر سے گرفتار 3 ملزمان نے دوران تفتیش پڑوسی ملک کے ایجنٹ ہونے کا اعتراف

ملزمان کے دوران تفتیش سنسنی خیز انکشافات کئی سال سے پڑوسی ملک کیلئے کام کرنے سمیت دشمن خفیہ ادارے کی ایماء پر اٴْن کی حکومت کو مطلوب ایک پروفیسر سمیت متعدد افراد کو کراچی میں قتل، دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا

بدھ مئی 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) کراچی میں سی ٹی ڈی پولیس کے ہاتھوں صدر سے گرفتار 3 ملزمان نے دوران تفتیش پڑوسی ملک کے ایجنٹ کے طور پر کئی سال تک کام کرنے کے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کے مطابق ملزمان نے پڑوسی ملک کے خفیہ ادارے کی ایماء پر اٴْن کی حکومت کو مطلوب ایک پروفیسر سمیت متعدد افراد کو کراچی میں قتل،، دہشت گردی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔

حکام کا دعویٰ ہے کہ ان ملزمان کی گرفتاری پاکستان میں بدامنی و انتشار پھیلانے کی سازش کو ناکام بنانے کی ایک کڑی ہے۔ایڈیشنل آئی جی، سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے بتایا کہ ڈی آئی جی، سی ٹی ڈی ثاقب اسمائیل میمن کی نگرانی میں ایک ٹیم نے گزشتہ ہفتے ایک کارروائی کے دوران تین ملزمان سیّد یوسف رضا شاہ، سید معصوم علی نقوی اور سید اکبر علی صغیر کو صدر سے گرفتار کیا تھا جو بظاہر عام نوعیت کے ملزمان تھے اور انہوں نے خود کو کالعدم تنظیم سپاہ محمد کے کارکن ظاہر کیا تاہم ان کے بارے میں جب خفیہ ادارے کی رپورٹس کی روشنی میں مخصوص طرز کی الگ الگ تفتیش کی گئیں تو سنگین انکشافات کھل کر سامنے آئے۔

(جاری ہے)

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم یوسف رضا اس گروہ کا سرغنہ ہے جو پڑوسی ملک سمیت دو خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کرتا رہا، ملزم جھنگ کے علاقے کوٹ عیسیٰ شاہ سے تعلق رکھتا ہے اور کراچی میں ابوالحسن اصفہانی روڈ کا رہائشی ہے۔اردو، پنجابی، فارسی اور انگلش زبان کا ماہر ملزم متعدد بار افغانستان اور ایران آتا جاتا رہا ہے۔ اس کے علاوہ ملزم پستول، کلاشنکوف اور جی تھری رائفل چلانے کا بھی ماہر ہے۔

ملزم کے مطابق وہ اپنے والد کے علاج کے لیے 1984ء میں کراچی آیا تھا، والد کا انتقال ہوگیا تو وہ اپنے نانا عشرت کے پاس رہنے لگا۔ ان دنوں اٴْسے پڑوسی ملک کے مذہبی رہنما سیّد ابوالفضل کے پاس فارسی مترجم کی نوکری ملی، نوکری دلانے والے قریبی عزیز نے چند ہفتے بعد انکشاف کیا کہ درحقیقت اسے ایک خفیہ ادارے کی جانب سے مذکورہ رہنما پر نظر رکھنے کے لیے پرائیویٹ انٹیلی جنس ڈیوٹی پر لگایا گیا ہے۔

ملزم یوسف رضا نے مزید بتایا کہ مذکورہ مذہبی رہنما سے ملنے کے لیے آنے جانے والوں کے علاوہ دیگر امور پر بھی نظر رکھنی ہوتی تھی۔ اس کا فرضی نام ’’مونی پرویز‘‘ تھا۔ملزم کے مطابق 1994ء کے ماہ رمضان میں کلفٹن میں مذکورہ مذہبی رہنما کی گاڑی پر مسلح حملہ کیا گیا تو وہ زخمی ہوا جب کہ بہاؤالدینی بال بال بچ گئے۔ملزم نے بتایا کہ ان دنوں متعلقہ قونصلیٹ سے عمرانی نامی شخص بہاؤ الدینی سے ملنے کے لیے گھر پر آیا کرتا تھا۔

اس کے ادارے نے اسے عمرانی کی نگرانی پر بھی لگا دیا اور ہدایت کے مطابق اٴْس نے عمرانی سے گہرے مراسم پیدا کر لیے۔یوسف رضا نے بتایا کہ ایک دن عمرانی نے اسے صدر میں واقع اپنے دفتر بلوایا اور خود کو غیر ملکی انٹیلی جنس کا افسر ظاہر کرتے ہوئے اپنے لیے مدد مانگی۔ملزم کے بیان کے مطابق عمرانی نے اسے بتایا کہ وہ بہاؤ الدینی کی سکیورٹی پر مامور ہے اور یہ بھی کہا کہ اٴْن کے گھر پر جو لوگ آئیں اٴْن کے بارے میں اسے بھی آگاہ کرتا رہے، یوں وہ پڑوسی ملک کی انٹیلی جنس کے لیے بھی خفیہ کام کرنے لگا۔

ملزم کے مطابق ایک دن وہ بہاؤالدینی کے ساتھ قونصلیٹ کی ایک تقریب میں گیا ہوا تھا کہ پاکستانی سرکاری ادارے کے ایک اہلکار نے اس سے ہاتھ ملا کر خیریت پوچھی تو سب کو اس پر شک ہو گیا۔یوں مارچ 1996ء میں بہاؤ الدینی نے اسے اچانک نوکری سے نکال دیا اور کوشش کے باوجود دوبارہ نہیں رکھا تو وہ آبائی شہر جھنگ چلا گیا جہاں ضلع کونسل کے سبزہ زار پر کراٹے سینٹر کھول لیا۔

کچھ عرصہ بعد اسے ادارے نے اسلام آباد بلا لیا اور سابقہ خفیہ کام کی تعریف کر کے اسے مزید کام کے لیے آمادہ کیا۔ان کے پرانے دوست نے جہاد کے شوق کے پیش نظر کشمیر میں جہاد کرنے پر آمادہ کرلیا، جہاں وہ کوٹلی آزاد کشمیر روانہ گیا اور مختلف اسلحے کی ٹریننگ حاصل کی، گوریلا ٹریننگ، چھاپہ مار کارروائیاں شامل تھیں۔وہ تین مرتبہ پڑوسی ملک کی آرمی سے لڑا، ایک حملے میں زخمی بھی ہوا، پھر اسے تبلیغی شعبے کا امیر بنا دیا گیا۔

جنوری 2004ء میں پھر کراچی آگیا۔ سابقہ باس کی مدد سے نیٹو کنٹینر افغانستان لے جانے والی کمپنی میں ملازم ہوا اور فارسی آنے کی وجہ سے کمپنی نے اسے کابل دفتر بھیج دیا، جہاں مدفون خزانہ نکالنے کی کوشش میں نایاب مورتیاں نکل آنے اور بٹوارے کے جھگڑے پر مخبری ہونے کی بناء پر افغان فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہوا اور 16 سال قید کی سزا ہوئی۔ملزم کے بیان کے مطابق ریڈ کراس والوں کی مدد سے اس کی رہائی ہوئی تو جنوری 2010ء میں پھر کراچی آگیا۔

اب اسے لشکر جھنگوی کے دہشت گردوں کا سراغ لگانے کی ڈیوٹی پر جھنگ بھیج دیا گیا اور اداروں کو مطلوب کارکنوں کا سراغ لگا کر اٴْن کے نام اور فون نمبرز فراہم کیے۔شک ہو جانے پر اسے واپس کراچی بلالیا گیا اور دوبارہ سابقہ کمپنی جوائن کرلی جس کے بعد وہ پھر افغانستان گیا اور اپنی کمپنی کھول کر کام شروع کر دیا۔2013ء میں کابل سے کراچی آیا تو بہاؤ الدینی نے بلوا لیا اور حاجی رضا سے ملاقات کروائی جہاں رضا نے اپنا تعلق غیرملکی ایجنٹ کے طور پر کروایا۔

حاضی رضا کا کہنا تھا کہ اٴْن کے ملک کے کچھ مجرم پاکستان میں چھپے ہوئے ہیں جنہوں نے سینکڑوں لوگوں کو قتل کیا ہے، وہ اب خفیہ طور پر اٴْن کے ملک آجا بھی رہے ہیں اور حالات میں گڑبڑ کر رہے ہیں، اٴْن پر نظر رکھنی ہے۔ جس کے بعد اس کا اٴْن کے ملک کا ویزا بھی لگا دیا گیا اور اگلے دن وہ ان کے ملک کے دارالحکومت پہنچ گیا، جہاں اس کی ملاقات 50 سالہ آغا سیّد سے کروائی گئی۔

ملزم کے مطابق آغا نے بھی اسے یہی کہا کہ انہیں پاکستان یا کسی ملک کے خلاف کام نہیں کرنا ہے بلکہ اپنے ملک کے مجرموں کو پکڑنا ہے جس کے بعد وہ کراچی آیا تو اسے منشیات کے اسمگلر اور 40 افراد سے زائد کے قتل کے ملزم حسن سالار زئی بلوچ اور اس کے دست راست لیاقت عرف حاجی محمد کی تصاویر دے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے اور ٹھکانے لگانے کا ٹاسک دیا گیا۔

ملزم کے مطابق انٹیلی جنس افسر نے انہیں کلفٹن میں ان دونوں مطلوب افراد کے فلیٹ بھی دکھائے۔یوسف رضا کے مطابق اس کام کے لئے اس کی تنخواہ ایک لاکھ روپے ماہوار طے ہوئی اور آنے جانے کے اخراجات الگ تھے، جس کے بعد اٴْسے اکبر رضوی سے ملوایا گیا۔ملزم کے مطابق کلفٹن کے جس کثیر منزلہ جدید اور مہنگے ترین پروجیکٹ میں وہ دونوں مطلوب افراد رہائش پذیر تھے اس کے اندر جانا یا قریب بھٹکنا بھی مشکل تھا۔

یہی وجہ تھی کہ وہ ساڑھے 3 ماہ تک ان دونوں کا سراغ لگانے یا ان تک پہنچنے میں ناکام رہے، جس کے بعد اس کی ڈیوٹی ادارے کو مطلوب پروفیسر سلمان کی تلاش پر لگائی گئی۔ملزم کے مطابق کام بڑھنے لگا تو انہوں نے وسائل مانگے جس پر اسے 25 لاکھ روپے کلفٹن میں ادا کیے گئے، ان میں سے 19 لاکھ روپے سے نئی گاڑی خریدی اور 5 لاکھ روپے اپنے ساتھی اکبر کو دیئے۔

ملزم کے مطابق بالآخر انہوں نے پروفیسر سلمان کو کلفٹن میں تلاش کرلیا وہ اپنے دوست کے ہمراہ ایک ہوٹل پر چائے پی رہا تھا۔ پروفیسر فارغ ہوکر اپنے فلیٹ کی طرف جانے لگا تو انہوں نے اسے گھیر لیا اور ہینڈز اپ کرایا اور فائرنگ کردی جس سے پروفیسر زخمی ہوا۔اسے جناح اسپتال پہنچایا گیا جہاں اسے قتل کرنے کی بھر پور کوشش کی مگر ناکام رہے، جس پر پروفیسر سلمان کو سولجر بازار کے فاطمید اسپتال شفٹ کر دیا گیا۔

ملزم کا کہنا ہے کہ ایک ماہ بعد پروفیسر صحت یاب ہوکر اسپتال سے ڈسچارج ہوا تو انہیں اکبر اور حسن کی مدد سے اسپتال کے گیٹ پر ہی قتل کرا دیا، جس کے بعد حاجی رضا نے اسے 3 لاکھ روپے دیئے جوکہ اکبر کو گھر جاکر دیئے۔ملزم نے بتایا کہ پروفیسر سلمان کے قتل کے بعد حاجی رضا نے حسن سالار زئی اور لیاقت والے ٹاسک اکبر کے حوالے کر دیئے۔ملزم کے مطابق پروفیسر سلمان کے قتل کے بعد حاجی رضا نے اسے دو دریا کلفٹن بلوایا اور مزید کئی ٹارگٹ دئیے تاہم کچھ عرصے بعد ہی اسے بلوچستان کے مختلف شہروں کی ذمے داری دے دی گئی اور کراچی کے ٹارگٹ اکبر، حسن اور دیگر ملزمان کرتے رہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار دیگر دو ملزمان معصوم نقوی اور اکبر صغیر نے بھی تفتیش کے دوران سنگین نوعیت کے انکشافات کئے ہیں جن کی تصدیق کی جا رہی ہے۔