فیصل آباد، آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کو بھی شامل کیا جائے،انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن

حکومت ظالمانہ ٹیکس کو اپنے گلے کا طوق بنانے کی بجائے اس کے خاتمے کااعلان کر کے تاجروں سمیت ہر طبقے کے دل جیت سکتی ہے،ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت چوہدری عبدالرزاق باجوہ کا حکومت سے مطالبہ

بدھ 2 مئی 2018 23:09

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی منظوری میں ود ہولڈنگ ٹیکس کے خاتمے کو بھی شامل کیا جائے۔ود ہولڈنگ ٹیکس معیشت کیلئے سود مند ثابت ہونے کی بجائے نقصان کا باعث بن رہا ہے۔حکومت ظالمانہ ٹیکس کو اپنے گلے کا طوق بنانے کی بجائے اس کے خاتمے کااعلان کر کے تاجروں سمیت ہر طبقے کے دل جیت سکتی ہے۔

ضلعی صدر انجمن مالکان بھٹہ خشت ایسوسی ایشن چوہدری عبدالرزاق باجوہ،ضلعی جنرل سیکر ٹری حاجی غلام مصطفی،چیئر مین حاجی الطاف،ڈویژنل صدر حاجی محمد اسلام،چوہدری اشرف گجر،رانا صدیق بلو،میاں محمد یوسف،میاں فرمان علی و دیگر نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل اس اقدام سے مہنگائی کا طوفان آئے گا،حکومت پیٹرولیم مصنوعات پر اپنے منافع کی صورت میں وصول کئے جانے والے ٹیکسز کی شرح میں کمی کرے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اصافے سے تاجروں سمیت ہر طبقے کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔پیداواری لاگت بڑھنے اور ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات میں اضافہ ہونے سے مہنگائی بڑھے گی۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی کی شرح بڑھائی جارہی ہے جس میں کمی کی جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔