بٹ خیلہ کے عوام پانی کی قلت کے خلاف احتجاجاً سڑکوں پر نکل آئے

بدھ 2 مئی 2018 22:56

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) ملاکنڈ کے ہیڈ کوارٹر بٹ خیلہ کے بالائی پہاڑی گنجان آباد محلوں گلشن آباد شریف آباد نو بہار غونڈئی خٹکے اور بہادرآباد میں سالوں سے پانی کی قلت ہے جبکہ موسم گرما میں یہ سنگین مسئلہ مزید شدت اختیار کر جاتا ہے خصو صاً اہلیان گلشن آباد اور شریف آباد کو گذشتہ ایک ماہ سے ٹی ایم اے کی جانب سے پانی سپلائی مکمل طور پر بند ہے جبکہ بچے اور خواتین پانی کی بوند بوند ترس رہے ہیں اس صورت حال پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا اور ان محلوں کے سینکڑوں متاثرین ویلج کونسلر جمعہ الر حمن افگار احسان اللہ سپندا اور سماجی کارکن احسان الر حمن ساگر کی قیادت میںاحتجاجاً مین شاہراہ پر نکل آئے اور شیل پمپ کے قریب سڑک کو ہرقسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی محمد نعیم خان، اے سی خرم پرویز، صوبیدار میجر عبدالوہاب اور ٹی ایم او موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے کامیاب مذاکرات کئے۔ اے سی نے مظاہرین کے مطالبے پر ٹی ایم اے کے واٹر ٹینک اور پائپ لائن کا بھی معائنہ کیا ۔ضلعی کونسلران امجد علی شاہ ،صدام حسین ،ناظم طارق حسین ،اے این پی کے رہنما اعجاز خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔