بٹ خیلہ کے نئے فیڈر کو چکدرہ گرڈ سے منسلک کیاجائے،سجادخان

بدھ 2 مئی 2018 22:56

ملاکنڈ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) ملاکنڈ کے ضلعی صدر سجاد خان نے کہا ہے کہ نیو بٹ خیلہ فیڈر کو چکدرہ گرڈ سے منسلک کرنے کے خلاف کوئی سازش یا تاخیری حربہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اگر نئے فیڈر کو جلد چالو نہ کیا گیا تو متاثرہ عوام کے ساتھ مل کر احتجاج اور مین شاہراہ پر دھرنا دیں گے جبکہ خار ڈھیری جولگرام اور مضافات کے عوام کو بجلی کے سنگین بحران سے نجات دلانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مطالبہ کیا کہ بٹ خیلہ کے نئے مکمل ہونے والے فیڈر کو فوری طور پر چکدرہ گرڈ سے منسلک کرکے چالو کیا جائے تاکہ خار ڈھیری جولگرام اور مضافات میں عر صہ دراز سے اضا فی لوڈشیڈنگ اور وولٹیج کی کمی کے اہم مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بٹ خیلہ فیڈر کی بجائے اوچ فیڈر کو چکدرہ گرڈ سے منسلک کرنے کی کوشش کرہے ہیں جنھیں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور علاقے سے توانائی کے بحران کے خاتمے کیلئے مکمل کئے گئے اس اہم منصوبے کے خلاف کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔