ْصحافی برادری کو فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئے،اعجاز الحق

بدھ مئی 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) رکن قومی اسمبلی اعجاز الحق نے کہا ہے کہ صحافی برادری کو فلسطین اور کشمیر کے مسئلہ پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئے۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے صحافیوںکے عالمی دن کے موقع پر کہاکہ عالمی سطح پر صحافیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ صحافی حالت جنگ اور شورش زدہ علاقوں میں اپنی جان کو ہتھیلی پر رکھ کر عوام کو معلومات فراہم کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ صحافی برادری کوچاہیے کہ وہ فلسطین کے اندر اسرائیل کے بڑھتے ہوئے مظالم کی کوریج کریں اور فلسطین کی عوام کے ساتھ ظلم کو عالمی سطح پر دکھایا جا ئے۔ اسی طرح بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کی کوریج بھارتی سرکار نہیں کرنے دے رہی اور بھارتی مظالم کو عالمی سطح پر نہیں دکھایاجارہا۔ اس حوالے سے صحافی برادری اپنا کردار اد اکرے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نادیدہ قوتیں ہم نے نہیں دیکھیں جن لوگوں نے دیکھی ہیں وہ بتا سکتے ہیں، رانا ثناء اللہ کے الفاظ پر پنجاب حکومت نے معذرت کر لی ہے۔