پاپولیشن پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی ، اس سال اعلان متوقع

آبادی کی منصوبہ بندی کے لئے نتائج کی حامل حکمت عملی اختیار کی گئی ہے، پلاننگ کمیشن ذرائع

بدھ 2 مئی 2018 22:58

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) پاپولیشن پالیسی کو حتمی شکل دے دی گئی ہے اور اس سال اس کا اعلان متوقع ہے جبکہ حکومت آبادی کی شرح نمو کی حساسیت کے بارے میں پالیسی سازوں کو آگاہ کرنے کے لئے پاپولیشن کمشین آف پاکستان اور پاکستان پاپولیشن ٹاسک فورس تشکیل کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ پلاننگ کمیشن کے سالانہ منصوبے 2018-19ء کے مطابق آبادی کی منصوبہ بندی کے لئے نتائج کی حامل حکمت عملی اختیار کی گئی ہے جس کے طویل المدتی فوائد حاصل ہوں گے ۔

وزارت منصوبہ بندی ترقی واصلاحات، اقوام متحدہ فنڈ برائے آبادی اور یو این ڈی پی نے پائیدار ترقیاتی اہداف ( ایس ڈی جیز ) سے متعلق آبادی کے مسئلہ سے مؤثر طورپر نبردآزما ہونے کے لئے مشترکہ منصوبہ وضع کیا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ فنڈ برائے آبادی کے کردار کامقصد اہم قومی اور صوبائی ترقیاتی اہداف اور حکمت ہائے عملی کے حوالے سے ایجنڈا 2030 سے ہم آہنگی پیداکرناشامل ہے اور اس سے ترقیاتی منصوبہ بندی کا عمومی معیار بھی بہتر ہو گا۔

اس منصوبے میں شرح آبادی کے اثرات سمیت تحقیق و تجزیہ میں معاونت ایس ڈی جیز ڈھانچے کے حوالے سے آبادی کی ترجیحات کو مربوط بنانے کے لئے تکنیکی معاونت کی فراہمی اور ایس ڈی جیز اور آبادی کے لئے مجموعی اعداد وشمار، رابطہ اور مانیٹرنگ نظام کو تقویت دینا شامل ہے۔ پلاننگ کمیشن کے ذرائع کے مطابق پاپولیشن کمیشن آف پاکستان اور پاپولیشن ٹاسک فورس کی تشکیل کا مقصد شرح آبادی کی گھمبیر صورتحال کے بارے میں پالیسی سازوں کو آگاہ کرنا اور متعلقہ فریقین کو اس عمل میں شریک کرنا شامل ہے۔

یہ ٹاسک فورس مجوزہ کمیشن کے تحت کام کرے گی۔ اس کے مقاصد میں مذہبی نظریات کی پیروی کرتے ہوئے پاکستان کی قومی ترجیحات کے مطابق لائحہ علم وضع کرنے کے لئے تمام فریقین کے فورم کو تقویت دینا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ فریقین کے ساتھ بھرپور مشاورت سے آبادی پر قابو پانے کے طریقہ ہائے کار کے بارے میں غور و حوض کرناہے ۔یہ ٹاسک فورس ویژن 2025 ، 12ویں 5سالہ منصوبے، لندن سمٹ برائے فیملی پلاننگ 2012 اور ایس ڈی جیز میں بیان کردہ آبادی کے دیگر ترجیحی شعبہ جات میں عملدرآمد کے حوالے سے اتفاق رائے وضع کرنے کاکام بھی انجام دیں گی۔

متعلقہ عنوان :