سکھر ،حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملکی معیشت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے، شفیق آرائیں

سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غریب و مہنگائی کی دلدل میں دھنسے عوام پر ڈرون حملہ قرار دیدیا

بدھ 2 مئی 2018 23:03

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) سکھر موٹر ورکس ایسوسی ایشن کے رہنما شفیق آرائیں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو غریب و مہنگائی کی دلدل میں دھنسے عوام پر ڈرون حملہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی ناقص پالیسیوں سے ملکی معیشت پہلے ہی تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے غریب عوام دو وقت کی روٹی سے بھی محروم ہوجائینگے۔

ملکی معیشت مستحکم کرنے کے بلند و بانگ دعوی کرنیوالی حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کرکے عوام کو مہنگائی کے طوفان میں دھکیل رہی ہے، ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر دوست محمد جاگیرانی، نثار راجپوت، اصغر علی بھٹی، نعیم مغل و دیگر بھی موجود تھے۔

استاد شفیق آرائیں و دیگر نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پہلے ہی غریب عوام کی زندگی اجیرن کررکھی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی میں بھی ہوشربا اضافہ ہوگا جس سے غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ براہ راست متاثر ہونگے۔ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان اٹھ کھڑا ہوگا، بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریب عوام کو اپنے بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور کردیا ہے، غربت ختم کرنے کی دعویدار حکومت غریب کو ختم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ فوری واپس لیکر عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔