بلدیہ ٹھٹھہ کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹھٹھہ شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، شہری شدید مشکلات سے دوچار

بدھ 2 مئی 2018 23:17

ٹھٹھہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) بلدیہ ٹھٹھہ کی ناقص کارکردگی کے باعث ٹھٹھہ شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل، شہری شدید مشکلات سے دوچار۔ تفصیلات کے مطابق بلدیہ ٹھٹھہ کے چار سو کے قریب خاکروبوں سمیت دیگر صفائی کے عملے کی اکثریت ویزا پر چلے جانے کے باعث ٹھٹھہ شہر کے تمام رہائشی اور تجارتی مراکز میں گندگی کے ڈھیر جمع ہوگئے ہیں جس کے باعث گلی گلی تعفن پھیل رہا ہے، جبکہ کچرے انبار پر کھانے کی تلاش میں آوارہ کتوں کے جمع ہونے کے باعث سگ گزیدگی کے واقعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں گٹر ابلنے کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کر رہی ہیں، سڑکوں پر جمع گندے پانی کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں اور اس میں مچھروں کی افزائش ہو رہی ہے، مچھروں میں اضافے کے باعث لوگ ملیریا میں مبتلا ہو رہے ہیں جبکہ شاہی بازار سمیت دیگر علاقوں میں واقع مین ہولز کیڈھکنے غائب ہیں، ڈھکنوں کی تنصیب نہ ہونے کے باعث تاحال متعدد حادثات رونما ہوچکے ہیں جبکہ دوسری جانب شاہی بازار میں قائم غیر قانونی تجاوزات، ٹھیلوں اور پتھاروں کے باعث خریداری کے لیے آنے والے لوگوں کو سخت مشکلات پیش آ رہی ہیں، دریں اثنا سول سوسائٹی اور شہریوں نے بلدیہ ٹھٹھہ کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ ٹھٹھہ کی کارکردگی صفر ہے، سفارشی بنیادوں پر بھرتی صفائی کا عملہ گھر بیٹھے تنخواہ لے رہا ہے جبکہ بعض اپنا کاروبار سنبھالے بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

سرپلس عملے کے باوجود شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال ہے جس کا خمیازہ شہریوں کو بھگتنا پڑ رہا ہے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ سی ایم او ٹھٹھہ اور ان کے ماتحت افسران بلدیہ کے درجنوں گاڑیوں کے تیل، مچھر مار اسپرے مہم اور ڈیوٹی نہ کرنے والے سینکڑوں ملازمین سے ویزا کی مد میں ماہانہ لاکھوں روپے ہڑپ کر رہے ہیں، انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ بلدیہ ٹھٹھہ میں ہونے والی کرپشن کا فوری نوٹس لیکر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے اورصفائی کے انتظامات بہتر کیے جائیں بصورت دیگر بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔