اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کا 88فیصد تعمیراتی ، 67فیصد الیکٹریکل و مکینکل ورک مکمل ہوگیا،خواجہ احمد حسان

بدھ 2 مئی 2018 23:21

لاہور۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) وزیر اعلی پنجاب کے مشیر اور سٹیرنگ کمیٹی کے چیئرمین خواجہ احمد حسان نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ پاک چین دوستی اور تعاون کا آئینہ دار ہے ، منصوبے کا 88 فیصد تعمیراتی اور 67 فیصد الیکٹریکل و مکینکل ورک مکمل کر لیا گیا ہے ، 25سٹیشنوں کی عمارتیں تعمیر کی جا چکی ہیں جبکہ26ویں زیر زمین جی پی او سٹیشن کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ، منصوبہ اختتامی مراحل میں داخل ہو چکا ہے ، اسے جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے تمام ممکن وسائل اور ذرائع بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، وہ اورنج لائن منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ، اجلاس کو بتایا گیا کہ مجموعی طورپرمنصوبے کا 87.97فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ، ڈیرہ گجراں سے چوبرجی تک پیکیج ون کا 93.33فیصد‘ چوبرجی سے علی ٹائون تک پیکیج ٹو کا 82.53فیصد ‘پیکیج تھری ڈپو کا 88.87فیصد جبکہ پیکیج فور سٹیبلینگ یارڈ کی تعمیر کا 90.55فیصد کام مکمل کیا جا چکا ہے ، اس کے علاوہ منصوبے کا 66.65فیصد الیکٹریکل ومکینیکل ورکس بھی مکمل کر لیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ جی پی او چوک میں بیرل نمبردو کی کھدائی مکمل ہو نے کے بعد اورنج لائن کاایک سے دوسرے سرے تک 27.1کلومیٹرطویل راستہ بنانے کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، 13.77کلومیٹر طویل پیکیج ون کے 9.73کلومیٹر حصے پر پٹری بچھا لی گئی ہے جبکہ 13.42کلومیٹرطویل پیکیج ٹو میں 5.6کلومیٹر طویل حصے پر پٹری بچھائی گئی ہے ، پیکیج ون کے سٹیشنوں پر لگائے جانے والے 77میں سے 72 جبکہ پیکیج ٹو کی80میں سے 54 برقی زینے نصب کئے جا چکے ہیں، اسی طرح پیکیج ون کے سٹیشنوں پر نصب کی جانے والی 48میںسی44لفٹیںاور پیکیج ٹوکی 52میں سے 36لفٹیں بھی لگائی جا چکی ہیں، میٹر وٹرین کیلئے تمام 27ٹرین سیٹ در آمد کر لئے گئے ہیں ، 14ٹرین سیٹ ڈیرہ گجراں میں واقع ڈپو جبکہ 13علی ٹائون میں واقع سٹیبلنگ یارڈ میں پارک کئے گئے ہیں ، اجلاس کو بتایاگیا ہے کہ جی پی او چوک ‘ سپریم کورٹ رجسٹری‘ سینٹ اینڈریوز چرچ ‘ شاہ چراغ بلڈنگ ‘ موج دریا کے مزار اوراس کے احاطے میں واقع مسجد کے علاقے میں اورنج لائن میٹرو ٹرین پراجیکٹ پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے، مال روڈ سے نابھہ روڈ چوک تک سڑک کی تعمیر مکمل کر کے اسے ٹریفک کیلئے کھول دیاگیا ہے جبکہ جی پی او اور سینٹ اینڈریوز چرچ کی بیرونی دیواروں کی تعمیر کا کام جاری ہے ، اجلاس میںایم پی اے چوہدری شہباز احمد‘ جنرل منیجر نیسپاک سلمان حفیظ‘چیف انجینئر ٹیپا ایل ڈی اے مظہر حسین خان اور لیسکو‘پی ٹی سی ایل ‘سوئی گیس ‘ ریلوے‘ ٹریفک پولیس ‘سول ڈیفنس‘ریسکیو1122 اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران کے علاوہ منصوبے کے چینی کنٹریکٹر سی آر نورنکو اور چائنہ انجینئر نگ کنسلٹنس کے نمائندوں اور مقامی کنٹریکٹرز نے شرکت کی ۔