رینجرز کی مختلف علاقوں میں کارروائیاں، 9 ملزمان گرفتار، اسلحہ و منشیات برآمد

بدھ مئی 23:29

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سعید آباد، مدینہ کالونی اور بلدیہ کالونی میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان محمد زاہد عرف لمبا، عبدالرشید عرف بھرم، محمد فیاض عرف چونڈھا، نصر اللہ اور محمد شاہد عرف ٹگھی کو گرفتار کیا جن کا تعلق ایم کیو ایم (لندن) سے ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان ٹارگٹ کلنگ،، بھتہ خوری، لینڈ گریبنگ، گاڑیاں جلانے اور جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ایک اور کارروائی میں رینجرز نے سعید آباد اور بلدیہ کے علاقوں سے 2 ملزمان محمد فیصل عرف چلی اور نوشاد علی کو گرفتار کیا جن کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ ملزمان ٹارگٹ کلنگ،، بھتہ خوری، ڈکیتی،، منشیات فروشی اور اسٹریٹ کرائم میں ملوث ہیں۔ ایک دوسری کارروائی میں رینجرز نے اتحاد ٹائون اور درخشاں کے علاقے سے ملزمان زاہد علی شاہ اور عمران کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ،، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد کی گئیں اور تمام ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔