نااہلی کیس کی سماعت،سپریم کورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

بدھ 2 مئی 2018 23:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چنیوٹ سے سابق رکن پنجاب اسمبلی راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے۔تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے نااہلی کیخلاف راشدہ یعقوب کی نظر ثانی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ راشدہ یعقوب ضمنی الیکشن میں چنیوٹ سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئیں۔

(جاری ہے)

ان کے خاوند شیخ یعقوب کو بینک ڈیفالٹر ہونے پر نااہل قرار دیا گیا جس کی بناء پر راشدہ یعقوب کو بھی نااہل قرار دیدیا گیا، تاہم خاوند کی نااہلی کا اطلاق اہلیہ پر نہیں ہو سکتا۔جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کہہ دیتی ہے کہ راشدہ یعقوب آئندہ الیکشن لڑ سکتی ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ وہ بھی اپنی موکلہ کی ایک مہینے کیلئے صوبائی اسمبلی کی نشست پر بحالی نہیں چاہتے، الیکشن میں حصہ لینے کی راہ میں نااہلی کی رکاوٹ ختم کی جائے۔عدالت نے نااہلی کے فیصلے کیخلاف راشدہ یعقوب کی نظر ثانی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔