نواز شریف حقائق اور تاریخ کو مسخ کرکے ایک بار پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں،رہنما پیپلز پارٹی ویمن ونگ

بدھ 2 مئی 2018 23:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) پیپلز پارٹی بلوچستان ویمن ونگ کی صدر غزالہ گولا، سیکرٹری جنرل زرینہ زہری اور سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس نے سابق نااہل وزیر اعظم نواز شریف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف حقائق اور تاریخ کو مسخ کرکے ایک بار پھر قوم کو دھوکا دینے کی کوشش کررہے ہیں ۔ نواز شریف نے ہمیشہ غیر جمہوری قوتوں سے سازباز کرکے پیپلز پارٹی کے خلاف سازشیں کئیں ہیں۔

اور انہیں سازشوں کے زریعے اقتدار حاصل کیا ہے۔ نواز شریف کو جھوٹ بولنے، کرپشن کرنے اور عوام کو دھوکا دینے کی وجہ سے نکالا گیا۔ پیپلز پارٹی بلوچستان ویمن ونگ نے کہا کہ نواز شریف یہ بھی قوم کو بتائیں کہ انہوں نے زرداری صاحب کے اینٹ سے اینٹ بجانے والے بیان کے بعد اپنا وزن کس کے پلڑے میں ڈالا اور نواز شریف یہ بھی قوم کو بتائیں کہ انہوں نے کس کو خوش کرنے کیلئے زرداری صاحب سے ملاقات منسوخ کی نواز شریف شروع ہی سے قوم سے جھوٹ بول رہے ہیں اور اب ان کے جھوٹ کا عوام کو پتہ چل چکا ہے۔

(جاری ہے)

عوام آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کو عبرت ناک شکست دیں گے، دونوں جماعتیں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ صرف پیپلز پارٹی ہی موجود بحرانوں سے قوم کو نکا سکتی ہے۔ نواز شریف آج ووٹ کے تقدس کی بات کرہے ہیں، جبکہ سب سے زیادہ ووٹ کے تقدس کی پامالی نواز شریف نے ہی کی۔ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کا دورہ کوئٹہ تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا، اس سے صوبے کی سیاست میں مثبت پیش رفت ہوگی۔

پیپلز پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکال سکتی ہے انشا اللہ 2018 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ پیپلز پارٹی ملکی وحدت کی علامت ہے جس نے ملک و قوم کے مفاد میں بڑی قربانیاں دی ہیں ۔ پارٹی نے ہمیشہ بلوچستان کی عوام کے حقوق کی خاطر جدوجہد کی اور آئندہ بھی جدوجہد جاری رکھے گی،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نواز کے برعکس پیپلز پارٹی کے لیڈروں اور کارکنان نے آمریت کا ہر دور میں ڈٹ کر مقابلہ کیا لیکن اپنے مشن سے پیچھے نہیں ہٹے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے گریز نہیں کریگی۔