رمضان المبارک کا چاند 16مئی کی شام نظر آئے گا،پہلا روزہ 17مئی کو ہو گا، پروفیسر محمد حمزہ نعیم کی پیشگوئی

بدھ مئی 23:34

فیصل آباد۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) تمام اسلامی ایام اور مذہبی تہواروں کے بارے میں سو فیصد درست پیشگوئیاں کرنے والے ملک کے ممتاز روئت ہلال ایکسپرٹ ، ماہر فلکیات ، علم الا عداد ، قمر شناس پروفیسر محمد حمزہ نعیم پرنسپل (ر) گورنمنٹ پوسٹ گریجوایٹ کالج جھنگ نے پیشگوئی کی ہے کہ رمضان المبارک کا چاند 16مئی بروز بدھ کی شام نظر آئے گا جبکہ پہلا روزہ یکم رمضان المبارک بمطابق17مئی بروز جمعرات کو ہو گا۔

ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایا کہ نیا چاند 15مئی بمطابق 28شعبان المعظم کو پیدا ہو گا لیکن چونکہ 15مئی بروز منگل کی شام چاند سورج سے پہلے ڈوب جائے گا اس لئے اس کے نظر آنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ انہوںنے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں بھی 15مئی بمطابق 28شعبان کو رمضان کا چاند نظر نہیں آئے گا کیونکہ سعودیہ میں بھی چاند یا تو سورج سے پہلے یا تقریباً ساتھ ساتھ ہی ڈوبے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایا کہ چونکہ 16مئی کی شام بوقت نماز مغرب نئے چاند کی طبعی عمر پوری ہو گی اس لئے 16مئی بروز بدھ بمطابق 29شعبان کی شام رمضان کا چاند نظر آئے گا۔انہوںنے بتایا کہ یکم رمضان المبارک 17مئی بروز جمعرات کو ہو گی اور فرزندان اسلام 17مئی بروز جمعرات کو پہلا روزہ رکھیں گے۔انہوںنے بتایا کہ اس بار رمضان المبارک کا مہینہ 30روزوں پر مشتمل ہو گا جس میں 5جمعتہ المبارک کے ایام بھی آئیں گے۔

انہوںنے بتایا کہ شوال کا چاند 15جون بمطابق 30رمضان المبارک بروز جمعہ کی شام نظر آئے گا اس طرح عید الفطر 16جون بروز ہفتہ کو ہو گی۔ دریں اثناء رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 16مئی بروز بدھ بمطابق 29شعبان المعظم کی شام طلب کر لیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی زیر صدارت کراچی میں منعقد ہو گا جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے مقررہ مقامات پر بوقت نماز مغرب منعقد ہوں گے جن میں شہادتوں کی روشنی میں چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔