ٹرک سٹینڈ جھنگ روڈ فیصل آباد کے ارد گرد تمام غیر قانونی تعمیرات و ناجائز تجاوزات فوری ہٹانے کی ہدایت

بدھ 2 مئی 2018 23:34

فیصل آباد۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) ٹرک سٹینڈ جھنگ روڈ فیصل آباد کے ارد گرد تمام غیر قانونی تعمیرات و ناجائز تجاوزات فوری ہٹانے کی ہدائت کر دی گئی ہے اورکسی قسم کا اثرو رسوخ بھی خاطر میں نہ لانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے کہا ہے کہ ٹرک سٹینڈ جھنگ روڈ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاہم گڈزٹرانسپورٹرز اپنے پیشہ وارانہ امورکو قانونی دائرے میں رکھیں۔

انہوں نے یہ بات جھنگ روڈ کے گڈز ٹرانسپورٹرز سے ملاقات کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ روڈ کے گڈز ٹرانسپورٹرز کو درکار سہولتوں اور سازگارماحول کی فراہمی کویقینی بنائیں گے جس سے نہ صرف اس شعبہ میں بہتری آئے گی بلکہ درپیش مشکلات بھی حل ہونگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر صدر کو جھنگ روڈ پر ٹرک سٹینڈ کے ارد گرد تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا اور کہا کہ اس ضمن میں کسی اثر و رسوخ کو خاطر میں نہ لایا جائے۔

انہوں نے ٹرک سٹینڈ سے متعلقہ سڑکوں کی تعمیر ومرمت،سیوریج سسٹم کی بحالی اور لائٹیں لگانے کیلئے متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ بہترٹریفک مینجمنٹ کے لئے شہر میں بڑی لوڈرگاڑیوں کے داخلے کے لئے وقت مقرر ہے جس کی ہر صورت پابندی کی جائے جبکہ مین روڈ پر ٹرکوں کی پارکنگ نہیں ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے ٹریفک پولیس سے کہا کہ شہر میں گڈزٹرانسپورٹ کی آمدورفت کے سلسلے میں بہترٹریفک مینجمنٹ کو تسلسل کے ساتھ برقراررکھیں۔

انہوں نے کہا سٹینڈ میں صفائی ستھرائی کا خصوصی خیال رکھا جائے اور کسی جگہ پانی نہ کھڑا ہونے دیں تاکہ ڈینگی کی افزائش نہ ہوسکے۔انہوں نے گڈز ٹرانسپورٹرز کی طرف سے شعبہ کی بہتری کے لئے بعض تجاویز اورآراء کا بھی خیر مقدم کیا۔اس موقع پر جھنگ روڈ کے گڈز ٹرانسپورٹرز نے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی پر ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کا شکریہ ادا کیا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :