گندم کی سرکاری خریداری مہم میں کسی بھی قسم کی بد دیانتی اور بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی،ڈپٹی کمشنر

بدھ 2 مئی 2018 23:34

فیصل آباد۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) گندم کی سرکاری خریداری مہم میں کسی بھی قسم کی بد دیانتی اور بے قاعدگی برداشت نہیں کی جائے گی لہٰذامحکمہ خوراک اور دیگر متعلقہ محکموں کے عملہ کو خریداری مہم کے دوران اپنا قبلہ درست رکھنے اور کسانوں و کاشتکاروں کیلئے آسانیاں پیدا کرنے سمیت فوری سہولیات کی فراہمی کی ہدائت کر دی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر سلمان غنی نے خبردار کیا کہ ضلع میں گندم کی سرکاری خریداری مہم میں کسی قسم کی بددیانتی اور بے قاعدگی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا لہٰذا ا سٹاف اپنا قبلہ درست رکھے اورکاشتکاروں کیلئے آسانیاں فراہم کی جائیں۔مختلف پرچیز سنٹرز پر ڈپٹی کمشنر نے گندم کے خریداری عمل کا مشاہدہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حکومت پنجاب کی پالیسی اور رہنما اصولوں پر عملدرآمد میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے گندم خریداری ریکارڈ اور وزن کے کنڈوں کو چیک کیا اور ہدایت کی کہ باردانہ کی شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ز سے کہا کہ وہ تحصیل میں گندم خریداری مرکز کا باقاعدگی سے معائنہ کریں اور انسپکشن رپورٹس سے متعلق انہیں آگاہ رکھا جائے۔انہوں نے سنٹر پر مقررہ سٹاف کی حاضری کو تسلسل سے چیک کرنے اور ریکارڈ درست انداز میں مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے سنٹر ز پر موجود گندم کے کاشتکاروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے انتظامات کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب محمدشہباز شریف کی ہدایات کے مطابق کاشتکاروں سے مکمل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ ان کے مفادات اور حقوق کا تحفظ کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی کاشتکار کو باردانہ کے حصول میں جائز شکایت یا مسئلہ درپیش ہو تو وہ فوری طور پر رابطہ کرے جس کی داد رسی میں تاخیر نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر پرویز اختر نے ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کو گندم کی خریداری مہم کے سلسلہ میں سنٹر پر ضروری انتظامات اور کاشتکاروں کیلئے دستیاب سہولیات سے آگاہ کیا ۔