ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے سعودی سفیر کی ملاقات،باہمی اور علاقائی اُمور پر تبادلہ خیال

بدھ 2 مئی 2018 23:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے سعودی سفیر نواف بن سعیدال مالکی سے ملاقات کے دوران کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دیرینہ ساتھی ہے جس پر پاکستان کسی بھی مشکل وقت میں انحصار کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر نے سینیٹر سلیم مانڈوی والا سے پارلیمنٹ ہائو س میں اُن کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں مشترکہ اہمیت کے باہمی اور علاقائی اُمور پر بحث آئے۔

نواف بن سعید ال مالکی نے کہا کہ پاکستان درحقیقت اُس تاثر سے یکسر مختلف ہے جو مغرب میں اس کے حوالے سے دیا جاتا ہے اور اس تاثر کو بہتر بنانے کے لیے سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ رہے گا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ملاقات کے دوران اس بات کی اُ مید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان جو تاریخی تعلق قائم ہے مستقبل میں اس کو مزید تقویت ملے گی اور دفاع اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا۔