حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ خفیہ مذاکرات کرنا لمحہ فکریہ ہے‘میاں مقصود احمد

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاکردی ہے،عالمی برادری مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کانوٹس لے‘عوامی وفود سے گفتگو

بدھ 2 مئی 2018 23:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب اورامیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ بھارت مسلسل کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کر ر ہا ہے ۔مختلف سیکٹرزپر مسلسل گولہ باری کرکے بھارت ایک طرف ہماری املاک کوتباہ وبرباد اور سویلین آبادی کو نشانہ بنارہا ہے جبکہ دوسری طرف حکومت پاکستان کی جانب سے بھارت کے ساتھ خفیہ مذاکرات کرنا لمحہ فکریہ ہے۔

ہندوستان نے کبھی مذاکراتی عمل میں سنجیدگی نہیں دکھائی،اس نے دنیا اور اقوام متحدہ کی نظروں میں دھول جھونکنے کے لیے ہمیشہ مذاکرات کو ایک حربے کے طور پر استعمال کیا ہے۔ہمیں بھارتی حکمرانوں کی چالوں میں نہیں آنا چاہئے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزعوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان بامقصد،بامعنی جامع مذاکرات ہونے چاہئیں جس میں مسئلہ کشمیر کوترجیح دی جائے۔

جموں وکشمیر کے معاملے کو حل کیے بغیر بھارت سے مذاکرات اور دوستی نہیں ہوسکتی۔بھارت پاکستان کاازلی دشمن ملک ہے جس نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی ہے اوروہ اپنے ناپاک عزائم کے حصول کے لیے ہمیں دھوکہ دیتا ہے۔ہمارے حکمرانوں کو بھارت کے مکارانہ طرزعمل پرچوکنا رہناہوگا۔کیونکہ ہندوستان مسئلہ کشمیر حل کرنے میں مخلص نہیں ہے اور جب تک وہ سنجیدگی کے ساتھ اس اہم اورسنگین معاملے کوحل کرنے پرآمادہ نہیں ہوتااس سے پاکستان کے تعلقات بہتر نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہاکہ دنیا کو مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے اپنا کردار اداکرنے کی ضرورت ہے۔ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہاکردی ہے۔1لاکھ سے زائدافراد کو شہید کردیا گیا جبکہ 5لاکھ زخمی ہوچکے ہیں۔خواتین سمیت معصوم بچیوں کی بے حرمتی کی جارہی ہے۔20ہزارکے قریب افراد عقوبت خانوں میں پڑے ہیں کوئی ان کاپرسان حال نہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت سے مذاکرات کی کامیابی کے لیے جموں وکشمیر کے دیرینہ معاملے کاحل ہونا ازحد ضروری ہے۔

حکومت پاکستان بھارت سے خفیہ مذاکرات کی بجائے اوپن ڈائیلاگ کرے اور کشمیرکی آزادی اور پاکستان سے الحاق کے لیے اپنا کردار ادارکرے۔اگر ہندوستان پاکستان سے بہترتعلقات چاہتاہے تواسے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیناہوگا۔