ہائیکورٹ کادوست کھوسہ کی مبینہ بیوی اداکارہ سپنا خان بازیابی کیلئے پیشرفت نہ ہونے پر برہمی کا اظہار

دو رکنی بینچ نے آئی جی پنجاب کو 21 مئی کو مقدمے کی تفتیش کا ریکارڈ سمیت طلب کر لیا

بدھ مئی 23:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلی پنجاب سردار دوست محمد کھوسہ کی مبینہ بیوی اداکارہ سپنا خان بازیابی کیلئے کوئی پیشرفت نہ ہونے پر برہمی کا اظہارکردیا۔ عدالت نے پولیس سے سپنا خان کی بازیابی کیلئے ہونے والی تفتیش کی تفصیلات طلب کرلیں۔۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے سپنا خان کی بازیابی کیلئے درخواست پر سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت کیس میں پولیس کی سست روی کی نشاندہی کی گئی۔درخواست کی سماعت کے دوران اعلیٰ پولیس حکام پیش ہوئے جبکہ آئی جی پولیس پنجاب سپریم کورٹ میں مصروفیات کی وجہ سے پیش نہ ہوسکے۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ سابق وزیر اعلی دوست کھوسہ نے سپنا خان سے شادی کی جس کے بعد سے وہ غائب ہیں۔ سال 2012 میں مقدمہ درج ہوا تھا لیکن ابھی تک سپنا خان کو بازیاب نہیں کرایا جاسکا۔عدالت کے 2 رکنی بینچ نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کو 21 مئی کو مقدمے کی تفتیش کا ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔