حکومت کو انتہا پسندی کے خاتمے اور لوگوں کو قریب لانے کیلئے ہمہ جہت حکمت عملی اپنانا ہوگی،

لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظہیر الاسلام ایک عبوری گورننگ باڈی ہونی چاہئے جوانتقال اقتدار کیلئے غیر جانبدار ماحول قائم کرے، سابق ڈی جی آئی ایس آئی کا تقریب سے خطاب

بدھ 2 مئی 2018 23:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر ) ظہیر الاسلام نے کہاہے کہ حکومت کو انتہا پسندی کے خاتمے اور لوگوں کو قریب لانے کیلئے ہمہ جہت حکمت عملی اپنانا ہوگی،ایک عبوری گورننگ باڈی ہونی چاہئے جوانتقال اقتدار کیلئے غیر جانبدار ماحول قائم کرے۔

(جاری ہے)

بدھ کو سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پالیسی انسٹیٹیوٹ (ایس ڈی پی آئی) کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) ظہیر الاسلام نے کہا کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ بطور قوم متحد ہونا زیادہ اہم ہے ،ہمیں اس پر کھلی بحث کرنا ہوگی، ایک دوسرے کا احترام کرنا ہوگا، لسانیت اور فرقہ واریت پر مبنی نفرت ختم کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو انتہا پسندی کے خاتمے اور لوگوں کو قریب لانے کیلئے ہمہ جہت حکمت عملی اپنانا ہوگی، مکمل انتظامی اختیارات کیساتھ ایک عبوری گورننگ باڈی ہونی چاہئے جو انتقال اقتدار کیلئے ایک غیر جانبدار ماحول قائم کرے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس اس سب کیلئے آئینی حکم ہونا چاہیے، سرکاری ادارے کا تسلسل اور کوالیفائیڈ اسٹاف ہونا چاہیے، احتساب اور قومی مصالحت کیلئے عزم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ انتقال اقتدار کے دوران انصاف کا ایک جامع منصوبہ ضروری ہے۔