وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 10 مئی کو آئندہ مالی سال 2018-91ء کا صرف تین ماہ کا بجٹ پیش کریں گے

بجٹ صرف 3 ماہ یعنی 30 ستمبر تک کے لیے ہوگا۔نئی منتخب حکومت مزید 9 ماہ کے لیے بجٹ کی صوبائی اسمبلی سے تصدیق کرائے گی، مراد علی شاہ

بدھ 2 مئی 2018 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ 10مئی کو سہ پہر 3 بجے آئندہ مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کریں گے۔انہوں نے یہ بات ککری گرائونڈ جہاں پر وہ ایم پی اے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کی تیسری برسی میں شرکت کے لیے گئے تھے کے بعد میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وہ 10 مئی کو سہ پہر 3 بجے آئندہ مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کرنے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بجٹ صرف 3 ماہ یعنی 30 ستمبر تک کے لیے ہوگا۔انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ نئی منتخب حکومت مزید 9 ماہ کے لیے بجٹ کی صوبائی اسمبلی سے تصدیق کرائے گی ۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ شہر میں پہلے امن و امان کی صورتحال بہت خراب تھی جس پر سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے دور میں شہر میں ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کیا جوکہ ایک بہت ہی کامیاب آپریشن ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نیشہریوں کو ٹارگیٹ کلرز ، بھٹہ خوروں اور دہشتگردوں سے نجات دلانے کے لیے سخت محنت کی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بڑی قربانیاں دیں۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم والے لیاقت آباد میں چیئرمین بلاول بھٹو کے ایک بڑے کامیاب جلسے کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں اور اب ایم کیو ایم کے رہنما اپنی بوکھلاہٹ کو چھپانے کے لیے وہاں پر جلسہ کرنے کا اعلان کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کسی بھی پارٹی کی جانب سے کسی بھی مقام پرسیاسی جلسہ یا سیاسی کام کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے مگر ایم کیو ایم کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ ان کے لوگ اب ان کے ساتھ نہیں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں وزیرا علی سندھ نے کہا کہ لوکل باڈیز سے گھوسٹ ملازمین تلاش کرنے کا کام کیاگیا اور ہر ایک جانتا ہے کہ اس سے کون متاثر ہوا ہے اور ان کا کس جماعت سے تعلق تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ لیاری میں پانی کی قلت کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے ان کی حکومت کام کررہی ہے اور ہم نے لیاری میں دو آر او پلانٹس نصب کیے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ان پلانٹس کے حوالے سے چند مسائل ہیں جنہیں حل کرلیاجائے گا اور اب پانی کی قلت کے مسئلے پر قابو پالیاجائیگا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ لیاری پاکستان پیپلزپارٹی کاتھا ،ہے اور رہے گاکیونکہ وہاں پرشہید محترمہ بینظیر بھٹو کے سچے جیالے ہیں۔

قبل ازیں وزیر اعلی سندھ نے ایم پی اے جاوید ناگوری کے بھائی اکبر ناگوری کی برسی کی تقریب میں شرکت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال و ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اس موقع پر سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ،وقار مہدی، سعید غنی ، راشد ربانی ، قادر پٹیل سمیت کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔