سپریم کورٹ نے غیر مستحق افراد کو سیکورٹی دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ملتوی کر دی، آئی جی پنجاب کوغیر متعلقہ افراد کو سیکورٹی فراہم نہ کرنے کی ہدایت

بدھ 2 مئی 2018 23:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے غیر مستحق افراد کو سیکورٹی دینے سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے واضح کیاہے کہ عدالت کوشش کر رہی ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو،بعض افراد کو سیکورٹی فراہم کرنا قانونی تقاضا ہے لیکن عدالت غیر متعلقہ افراد کو سیکورٹی دینے سے منع کرچکی ہے۔

بدھ کوچیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ بعض افراد کو سیکورٹی فراہم کرنا قانونی تقاضا ہوتا ہے جس پرعمل کرنالازمی ہے لیکن عدالت نے غیر متعلقہ لوگوں کو سیکورٹی نہ دینے کی ہدایت کی ہے۔ ان کامزید کہناتھا کہ سیکورٹی امام بارگاہ اور مساجد کیلئے بھی ضروری ہے جن کو ہمیشہ خطرات لاحق ہوتے ہیں ان کوضرور سیکورٹی فراہم کی جائے جس پرآئی جی پنجاب نے بتایا کہ ضلعی سطح پرانٹیلی جنس کمیٹیاں قائم کردی گئی ہیں جو مختلف مقامات یا افراد کو سکیورٹی فراہم کرنے کی سفارش کررہی ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس کا کہنا تھاکہ عدالت کی کوشش یہ ہے کہ ملک میں قانون کی حکمرانی قائم ہو۔ اس لئے اگر اس معاملے میں ہمیں کوئی شکایت ملی تو ذمہ دار افراد کیخلاف کاروائی کی جائے گی ، سماعت کے دوران عدالت نے مقامی صحافی حذیفہ رحمان سے بھی سیکورٹی واپس لینے کی ہدایت کی۔