وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس

پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 200سکولوں میں جاری تعمیراتی کام اور اس کے معیار سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں کمیٹی کایف ڈی ای کی طرف سے پیش کی گئی ما نیٹرنگ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

بدھ 2 مئی 2018 23:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 مئی2018ء) وزیر اعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے سٹئیرنگ کمیٹی کا اجلاس وفاقی وزیر کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کی سربراہی میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری مواصلات فرقان بہادر جو سیکرٹری کیڈ کی اضافی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں ، ڈی جی فیڈرل ڈائریکٹو ریٹ آف ایجوکیشن حسنات قریشی ، وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے پراجیکٹ ڈایریکٹر محمد وقاص اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلا س میں وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت اسلام آباد کے 200سکولوں میں جاری تعمیراتی کام اور اس کے معیار سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔ کمیٹی نے ایف ڈی ای کی طرف سے پیش کی گئی ما نیٹرنگ رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔

(جاری ہے)

رپورٹ وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت مکمل کئیے گئے 30سکولوں میں کام کے معیار کے متعلق تھی ۔کمیٹی ممبران نے کہا کہ رپورٹ میں متعدد کوتاہیاں ہیں اور یہ پیشہ ورانہ اصولوں کے خلاف ہے ، رپورٹ میں اعداد و شمار اور حقائق پیش کرنے کی بجائے ذاتی رائے اور بے بنیاد تبصرے سے کام لیا گیا ہے ۔

رپورٹ میں پراجیکٹ کے ابتدائی پی سی ون کو بنیاد بنایا گیا جس میں منظوری سے قبل متعدد تبدیلیاں کی گئی تھیں۔ کام کے معیار کو یقینی بنانے کیلئے کمیٹی نے ڈجی ایف ڈی ای کو ہدایت کی کہ ان 30سکولوں میں کام کی دوبارہ مانیٹرنگ کی جائے ۔کمیٹی نے پراجیکٹ کے بقیہ 170سکولوں کی مانیٹرنگ کی بھی ہدایت کی تاکہ وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت سکولوں میں کئیے گئے کام کے معیار کو پرکھا جا سکے۔

ڈی جی ایف ڈی ای اور پراجیکٹ ڈائیریکٹر سٹیئرنگ کمیٹی کو پندرہ روز میں اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔کمیٹی نے ڈی جی ایف ڈی ای کو ایک ٹیم بنانے کی ہدایت کی جو ان سکولوں کا دورہ کرے گی جہاں ترقیاتی کام مکمل ہو چکا ہے ، ٹیم تصدیق کے بعد یہ سکول ایف ڈی ای کے حوالے کرے گی۔اجلاس میں وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ ترقیاتی کام کی مانیٹرنگ میں پیشہ ورانہ اصولوں کو مدنظر رکھا جائے تاکہ کام کے معیار کی تصدیق کی جا سکے۔

تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت اسلام آباد کے تمام 422سکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ پروگرام کے تحت پائلٹ پراجیکٹ میں 22سکولوں میں نئے کلاس روم ، واش روم بلاکس ، پینے کے پانی کے کولر اور دیگر سہولیات فراہم کر دی گئی ہیں۔ وزیر اعظم تعلیمی ریفارم پروگرام کے تحت منصوبے کے اگلے مرحلے میں 200سکولوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا عمل جاری ہے جس میں اسلام آباد کے دیہی اور شہری علاقوں کے سکول شامل ہیں ۔

پہلے مرحلے میں دو سو سکولوں میں نئے کمروں کی تعمیر، لیبارٹریوں اور لائبریریوں کا قیام ، واش رومز کی تعمیر ،طا لب علموں اور اساتذہ کیلئے نئے فر نیچر کی فراہمی، بیرونی دیواروں کی اونچائی میں اضافہ ،سکیورٹی انتظامات کی فراہمی اور دوسرے تعمیراتی کام شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :