جمہوریت ہی ملکی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے، حکومت نے تعمیروترقی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں،وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان

بدھ 2 مئی 2018 23:47

گوجرانوالہ۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) وفاقی وزیر دفاع انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی پاکستانی قوم کی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے ،ن لیگی حکومت نے تعمیروترقی کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں،آج کا پاکستان 2013ء کے پاکستان سے ہزار درجے بہتر ہے ، آئندہ الیکشن میں کارکردگی کی بنیاد پر عوامی عدالت میں پیش ہونگے اور ووٹوں کی طاقت سے کامیابی حاصل کرکے اقتدار میں آئینگے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز اپنے حلقہ میں شامل ہونیوالی نئی یونین کونسلوں کے چیئرمینوں شاہد مظفر بھنڈر، فرید اقبال اعوان، حاجی اسلم فورمین، عاطف مسعود بٹ،رانا طارق، ملک متین اعوان، خالد محمو دمغل اور غلام مرتضی چھینہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر یوسی چیئرمینوں نے وفاقی وزیر دفاع کو اپنی مکمل حمایت اور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے بھرپور ساتھ دینے کا اعلان کیا، وفاقی وزیر دفاع نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گوجرانوالہ شہر میں تعمیروترقی کی نئی تاریخ رقم اور شہریوں کو ٹوٹی پھوٹی سڑکوں سمیت دیگر بنیادی مسائل سے نجات دلادی ہے ، انہوں نے کہاکہ آئندہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن بھاری اکثریت سے کامیاب ہوکر شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریگی۔