چیف منسٹرٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت دستکاروں کی تیار کردہ مختلف دستکاریوں کی نمائش فیصل آباد آرٹ کونسل میںمنعقد ہوئی

بدھ 2 مئی 2018 23:49

فیصل آباد ۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) چیف منسٹرٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت دستکاروں کی تیار کردہ مختلف دستکاریوں کی نمائش فیصل آباد آرٹ کونسل میں منعقد ہوئی ۔ ارکان صوبائی اسمبلی حاجی خالد سعید ‘ مدیحہ رانا اور ڈاکٹر نجمہ افضل اس موقع پر مہمانان خصوصی تھیں ۔ ڈائریکٹر صوفیہ بیدار اور دستکاروں کے علاوہ شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔

ارکان اسمبلی نے دستکاریوں کی نمائش میں رکھی گئی دستی کڑھائی ‘ لکڑی کی کڑھائی ‘ ٹرک آرٹ ‘ کھسہ سازی ‘ کروشیہ کڑھائی ‘ مٹی کے برتن ‘ دستی کھڈی ‘ کھدر ویونگ ‘ دستی کھلونے سازی ‘ کھجور کے پتوں سے گھریلواشیاء سازی و دیگردستکاریاں دیکھیں اوران میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہاکہ دستکاری ہماری ثقافتی اقدار کے سفیر کی ماند اورعلاقائی ثقافت کی ترویج و ترقی کے لئے دستکاروں کی حوصلہ افزائی ضروری ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آرٹ کونسل کی جانب سے دستکاروں کی تلاش ‘ حوصلہ افزائی اور سرپرستی اپنی ثقافت کی خدمت ہے اور ٹیلنٹ کو اجاگر کرنے کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں ۔ ڈائریکٹر نے دستکاری نمائش کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ آرٹ کونسل علاقائی ثقافت کے فروغ ‘ فنون لطیفہ کی ترویج و ترقی اور علاقائی و ثقافتی ورثے کے تحفظ و احیاء کیلئے عملا کوشاں ہے اور دستکاری کی نمائش کا مقابلہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔