سپریم کورٹ نے سابق رکن پنجاب اسمبلی راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

بدھ 2 مئی 2018 23:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے چنیوٹ سے منتخب ہونے والی مسلم لیگ ن کی سابق رکن پنجاب اسمبلی راشدہ یعقوب کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کوجسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے اپنی نااہلی کیخلاف راشدہ یعقوب کی جانب سے دائر نظرثانی کی درخواست کی سماعت کی، ا س موقع پر درخواست کے وکیل نے پیش ہوکر موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ راشدہ یعقوب ضمنی الیکشن میں چنیوٹ سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئی تھیں، تاہم ان کے خاوند شیخ یعقوب کی بینک ڈیفالٹرہونے پر ان کوبھی نااہل قرار دیا گیا ہے ، سوال یہ ہے کہ خاوند کی نااہلی کا اطلاق اہلیہ پر نہیں ہو سکتا، جس پرجسٹس گلزار احمد نے کہا کہ عدالت کہہ دیتی ہے کہ راشدہ یعقوب آئندہ الیکشن لڑ سکتی ہیں، جس پر وکیل نے کہا کہ ہم صرف ایک مہینے کیلئے صوبائی اسمبلی کی نشست پر بحالی نہیں چاہتے، بلکہ چاہتے ہیں کہ ان الیکشن میں حصہ لینے کی راہ میں نااہلی کی رکاوٹ ختم کی جائے۔

جس پرعدالت نے نااہلی کے فیصلے کیخلاف راشدہ یعقوب کی نظرثانی درخواست جزوی طور پر منظور کرتے ہوئے انہیں آئندہ الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔