خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں حلال فوڈ کے عنوان پر سیمینار کا انعقاد

بدھ 2 مئی 2018 23:50

رحیم یارخان۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان میں حلال فوڈ سے متعلق بڑھتی ہوئی سائنس اور ٹیکنالوجی کے کردار کے عنوان سے ایک سیمینار کا انعقاد ہوا۔ جس میں پاکستان کے ماہر غذائیات پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال بھنگر بطور گیسٹ سپیکر اور ڈین آف آل فیکلٹیز پروفیسر ڈاکٹر محمد منیر احمد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

ریسرچ اینڈ انوویشن سوسائٹی کے تحت منعقد کئے گئے اس سیمینار میں پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال نے طلباء و اساتذہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حلال فوڈ سے ماضی بعید میں آگاہی ایک مشکل کام نہ تھا کیونکہ ماضی میں کھانے پینے کی زیادہ تر اشیاء گھروں میں ہی تیار کی جاتی تھیں لیکن دنیا میں بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا استعمال ہونے لگا اور فوڈ انڈسٹریز وجود میں آئی۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے حلال فوڈ کی آگاہی کے مسائل پیدا ہوئے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حلال کا لفظ صرف کھانے پینے کی اشیاء پر لاگو نہیں ہوتا بلکہ قرآن میں حلال کے ساتھ پاکیزہ اور صاف ستھری غذا کے ساتھ حلال طریقوں اور اعمال پر زور دیا گیا ہے۔ ریسرچ اینڈ انوویشن سوسائٹی کی آرگنائزر ڈاکٹر فوزیہ تبسم اور ایڈوائزرڈاکٹر محمد سلیم نے اساتذہ، طلباء و طالبات اور گیسٹ سپیکر اور مہمان خصوصی کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر دیگر شرکاء میں ڈاکٹر منور حسین، ڈاکٹر رفعت جویریہ، ڈاکٹر فرخ جلیل ، ڈاکٹر منور سعید، ڈاکٹر بخت علی خان، ڈاکٹر مدیحہ عرفان، ڈاکٹر فرحان چغتائی ڈاکٹر عبدالشکور ا وردیگر متعدد طلباء و طالبات بھی تھے۔