کوئٹہ، کیسکو کی نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری

بدھ 2 مئی 2018 23:51

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کی نادہندگان کے خلاف کارروائیاں تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئر (سینٹرل) سرکل کوئٹہ کی زیرنگرانی کیسکو گوالمنڈی سب ڈویژن کی ٹیم نے بجلی چوروںکے خلاف کارروائی کی جس کے دوران متعدد غیرقانونی طور پر بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے برقی کنکشنز منقطع کرکے انہیں جرمانہ کیا گیا جبکہ23 نادہندگان کے میٹرز بھی اتار دیئے گئے ۔

اس کے علاوہ کیسکو مہردر اور سیٹلائٹ ٹائون سب ڈویژن کے علاقوںمیں بھی ایس ڈی اوز کی سربراہی میں لائن سٹاف پرمشتمل ٹیموں نے نادہندگان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے عدم ادائیگی پر 18 ٹیمپرڈ میٹرز منقطع کر دیئے گئے۔ نیز کارروائی کے دوران غیرقانونی بجلی حاصل کرنے والے گھریلو اور کمرشل صارفین کے برقی آلات اور تاریں بھی قبضہ میں لئے گئے۔

(جاری ہے)

اسی طرح کیسکوسپیزنڈ اور سریاب سب ڈویژن نے 4 غیرقانونی زرعی ٹرانسفارمرز اتار دیئے جبکہ 2 نادہندہ زرعی ٹرانسفارمرز بھی عدم ادائیگی پر اتار دیئے گئے۔ کیسکو نے اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں نیز تمام نادہندہ سرکاری، تجارتی، گھریلو اور زرعی صارفین بھی اپنے بقایاجات فوری طور پر ادا کریں کیونکہ کیسکوکی مختلف ٹیمیں نادہندگان کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں کر رہی ہیں جس کے تحت برقی کنکشنز منقطع کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے برقی آلات اور ٹرانسفارمرز بھی ضبط کئے جائیں گے۔ نادہندگان کے بجلی منقطع ہونے پر کیسکو کسی بھی نقصان یا زحمت پر ذمہ دارنہیں ہوگی۔