Live Updates

میرا مقابلہ زرداری یاعمران سے نہیںاس خلائی مخلوق کیساتھ ہے جو نظر نہیں آتی،نوازشریف

پی ٹی آئی قوم سے مذاق کررہی ہے، ان کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا گیا،پاکستان کی عوام میرے ساتھ ہے، کروڑوں لوگ وزیرِاعظم منتخب کراتے ہیں لیکن پانچ لوگ منصب سے فارغ کر کے نکال دیتے ہیں،صادق آبادمیں جلسے سے خطاب

بدھ 2 مئی 2018 23:57

میرا مقابلہ زرداری یاعمران سے نہیںاس خلائی مخلوق کیساتھ ہے جو نظر نہیں ..
صادق آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) سابق وزیرِاعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ میرا مقابلہ زرداری یاعمران سے نہیںاس خلائی مخلوق کیساتھ ہے جو نظر نہیں آتی، پی ٹی آئی قوم سے مذاق کررہی ہے، ان کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا، بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا گیا،پاکستان کی عوام میرے ساتھ ہے، کروڑوں لوگ وزیرِاعظم منتخب کراتے ہیں لیکن پانچ لوگ منصب سے فارغ کر کے نکال دیتے ہیں۔

صادق آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف قوم سے مذاق کر رہی ہے، انہیں کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں۔انہوں نے کہاکہ میرا آصف علی زرداری اور عمران خان سے کوئی مقابلہ نہیں۔ نوازشریف نے کہاکہ اگر صادق آباد جاگ رہا ہے تو جنوبی پنجاب کا دل جاگ رہا ہے، نواز شریف کو بھی آپ سے اتنی ہی محبت ہے، یہ محبت آسانی سے نہیں ملتی، میں خوش نصیب ہوں۔

(جاری ہے)

مریم نواز نے ٹھیک کہا ہے کارکنوں اور میرے درمیان فاصلہ زیادہ ہے، کارکنوں کو تو میرے پاس ہونا چاہیے تھا، کوئی بات نہیں یہ دوری بھی ختم ہو جائے گی۔سابق وزیراعظم نے کہاکہ بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا گیا، مجھے فیصلہ سمجھ نہیں آیا، پھر مجھے تاحیات نااہل کر دیا گیا۔ میرے خلاف فیصلے کرنے والے صادق آباد آ کر عوام کا جذبہ دیکھیں، تم جتنے فیصلے سناتے ہو ان کا اتنا ہی جذبہ بڑھتا ہے۔

میرے خلاف فیصلہ دینے والے عوام کا فیصلہ بھی سن لیں۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی تو شے ہی کچھ نہیں، ان کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا، کرکٹ کے زمانے میں نواز شریف کی خدمت کو بھول گئے، شوکت خانم ہسپتال بنانے کے لیے ہماری خدمت کو بھلا دیا۔انہوں نے عمران خان اور سابق صدر آصف علی زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب! میرا آپ کیساتھ کوئی مقابلہ نہیں، آپ کوئی شے نہیں ہو۔

زرداری صاحب! میرا آپ کیساتھ بھی کوئی مقابلہ نہیں، میرا مقابلہ تو خلائی مخلوق کیساتھ ہے جو نظر نہیں آتی لیکن پاکستان کی عوام میرے ساتھ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اغوا برائے تاوان کے واقعات کس نے ختم کرائی کراچی میں امن کون لے کر آیا پاکستان سے دہشت گردی کس نے ختم کی اتنی بڑی خدمات پر نواز شریف کو فارغ کر دیا گیا۔ کروڑوں لوگ وزیرِاعظم منتخب کراتے ہیں لیکن پانچ لوگ منصب سے فارغ کر کے نکال دیتے ہیں۔

اس سے قبل نواز شریف کی صاحبزادی نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ اس مرتبہ لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی ہے۔صادق ا?باد میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہو ئے مریم نواز نے کہا کہ لوگ خواجہ آصف کی قدر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وفادار آدمی ہیں اور عوام اپنے ہر دل عزیز لیڈر پر محبتیں نچھاور کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کو نااہل کیا تو خواجہ آصف کی آمد پر شہر امڈ آیا کیوں کہ خواجہ آصف وفادار آدمی ہیں اور انہوں نے نوازشریف سے وفا نبھائی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی کیوں کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ آئندہ لوگ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کا یہ قصور تھا کہ اس نے جھکنے اور اوپر والوں سے ا?ڈر لینے سے انکار کر دیا تھا۔انہوں نے پوچھا کہ کیا بلوچستان کی حکومت نواز شریف نے ختم کی تھی اور زرداری عمران گٹھ جوڑ بھی نواز شریف نے کرایا تھا۔انہوں نے عوام سے کہا کہ ان ساری سازشوں کا جواب ووٹ کی پرچی سے دینا اور 2018 کے الیکشن میں مہروں کو عبرت کا نشان بنا دینا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات