فیصل آباد، دو روزہ سائنس میلے کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے ایکسپو سنٹر میں اپنے سائنسی پراجیکٹس سجا دئیے

بدھ مئی 23:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم کے اشتراک سے دو روزہ سائنس میلے کے تحت مختلف تعلیمی اداروں کے طالب علموں نے زرعی یونیورسٹی کے ایکسپو سنٹر میں اپنے سائنسی پراجیکٹس سجا دئیے ہیں ۔ سائنس میلے کا افتتاح جمعرات 3 مئی کو صبح ساڑھے نو بجے ڈویژنل کمشنر مومن آغا کریں گے ۔ڈپٹی کمشنر سلمان غنی کے علاوہ دیگرافسران بھی موجود ہونگے۔

ضلعی انتظامیہ کی طرف سے فول پروف سیکورٹی ‘ٹریفک مینجمنٹ ‘واک تھرو گیٹس کی تنصیب ‘ صفائی ستھرائی ‘ پانی کا چھڑکائو ‘ پارکنگ ‘ ریسکیو انتظامات ‘ میڈیکل کیمپ کے قیام کے لئے پولیس ٹریفک پولیس ‘ سول ڈیفنس ‘ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ‘ پارکنگ کمپنی سمیت ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کوذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں ۔

(جاری ہے)

دریں اثناء ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ( جنرل ) خالد مسعود فروکہ نے سائنس میلہ کے انعقاد کے ضروری انتظامات کو چیک کرنے کے لئے ایکسپو سنٹر کا دورہ کیا اور سائنسی ماڈلز کی ترتیب و تدوین کا جائزہ لیا ۔

ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن خالد اختر اور ایجوکیشن اتھارٹی کے دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ اے ڈی سی جی نے کہا کہ یہ میلہ سائنس و ٹیکنالوجی سے وابستہ طالب علموں کواپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کے لئے بے حد اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے سائنس میلہ کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔