سپریم کورٹ میں غیر قانونی شادی ہالز سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت‘ وفاقی محتسب کی رپورٹ کے خلاف دائر اعتراضات جمع کرانے کی ہدایت

بدھ 2 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے غیر قانونی شادی ہالز سے متعلق از خود نوٹس کیس میں وفاقی محتسب کی رپورٹ کے خلاف دائر اعتراضات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی ہے ۔ بدھ کوچیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پرجسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ شادی ہالز کے کوڑا کرکٹ کیلئے قانون میں کیا بندوبست کیا گیا ہی ۔

(جاری ہے)

شادی فنکشنز کے بعد کوڑا کرکٹ کو کہاں ٹھکانے لگایا جاتا ہے، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شادی ہالز کی ریگولیشن میں کوڑا کرکٹ اور سیوریج سے متعلق قواعد موجود ہیں ،شادی ہالز اپنا فضلہ اور سیوریج کو ٹھکانے لگانے کا بندوبست کرنے کے پابند ہیں۔ سماعت کے دورا ن شادی ہالز مالکان کے وکیل نے استدعاکی کہ شادی ہالز کو وفاقی محتسب کی رپورٹ پر اعتراضات دائر کرنے کا موقع دیا جائے ، چیف جسٹس نے استدعا منظور کرتے ہوئے واضح کیا کہ وفاقی محتسب رپورٹ کے خلاف جس نے اعتراضات دینے ہیں وہ رات گئے تک عدالت میں جمع کروائے جس کے بعد کسی کا اعتراض قبول نہیں کیا جائے گا۔ بعدازاں مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔