سپریم کورٹ میںکالا باغ ڈیم کی تعمیر اور اس حوالے سے ریفرنڈم نہ کرانے سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت

بدھ 2 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر اور اس حوالے سے ریفرنڈم نہ کرانے سے متعلق ازخود نوٹس کیس میںحکومت سے ایک ہفتے میں واٹر پالیسی طلب کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کردی ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق کیس کی سماعت کی، اس موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل واٹر پالیسی بن گئی ہے جبکہ درخواست گزار نے کہا کہ ہم کالا باغ ڈیم پالیسی بھی 1984 ء سے سن رہے ہیں، لیکن کوئی نتیجہ نہیں نکلا ، چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ پانی سٹور کرنے کیلئے کام نہ کرنے والے ملک کے دوست نہیں ہوں گے وہ مستقبل کے بچوں کے لئے کیا چھوڑ کر جارہے ہیں، درخواست گزار نے کہا کہ پالیسی معاملات ساری عمر چلتے رہیں گے، ہمیں ٹھوس اقداما ت کرنا ہوں گے۔

بعدازاں عدالت نے حکومت کو واٹر پالیسی ایک ہفتہ میں پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مزید سماعت ملتوی کر دی ۔