…اضافہ شدہ…)

نیب نے چاروں صوبوں میں زیر کار کیسز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، نیب لاہور میں 360 ریفرنسز پر کارروائی ہو رہی ہے، موجودہ نیب انتظامیہ کے دور میں کوئی انکوائری ختم نہیں کی گئی‘ ترجمان نیب

بدھ 2 مئی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) نیب نے چاروں صوبوں میں زیر کار کیسز کی تفصیلات جاری کر دی ہیں، جس کے مطابق نیب لاہور میں 360 ریفرنسز پر کارروائی ہو رہی ہے، موجودہ نیب انتظامیہ کے دور میں کوئی انکوائری ختم نہیں کی گئی۔ نیب کے ترجمان کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق نیب کراچی میں 270، نیب خیبرپختونخوا میں194، نیب بلوچستان میں96، نیب راولپنڈی میں178، نیب ملتان میں56 اور نیب سکھر میں46 ریفرنس پر کارروائی کی جا رہی ہے۔

اس وقت کل 1200 ریفرنس زیر کار ہیں جن میں سے 692 پر تفتیش جبکہ 292 پر تحقیقات کا عمل جاری ہے۔ نیب کی طرف سے جاری کی گئی ریفرنسز کی یہ تفصیلات 31 مارچ 2018ء تک کی ہیں جبکہ ترجمان نے کہا ہے کہ نیب چاروں صوبوں میں بلاتفریق کام کر رہا ہے، نیب کی طرف سے جاری کی گئی کیسز کی تفصیل اس بات کا ثبوت ہے کہ نیب کی پالیسی ’’احتساب سب کیلئے‘‘ ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا ہے کہ موجودہ نیب انتظامیہ کی مدت میں سندھ میں کوئی انکوائری ختم نہیں کی گئی، ضیاء لانجر کے خلاف انکوائری بھی جاری ہے، شرجیل میمن نے نیب کی طرف سے ذرائع کی بنیاد پر کیس کی سرگرم پیروی کی وجہ سے سپریم کورٹ سے درخواست واپس لے لی۔

ڈاکٹر عاصم اور نثار مورائی کے کیس بھی زیر عمل ہیں۔ وزیراعلی سندھ چند ہفتے قبل خود نیب کے سامنے پیش ہوئے جبکہ سپیکر سندھ اسمبلی بھی نیب کے سامنے پیش ہوئے۔