پی ایس ایل کے معاملات کی نگرانی کیلئے کمیٹیز بنانے کا فیصلہ

جمعرات 3 مئی 2018 00:10

لاہور۔2 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) پی ایس ایل کے معاملات کی نگرانی کیلیے کمیٹیز بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا،پی سی بی اور فرنچائزز کے نمائندے شامل ہونگے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی گورننگ کونسل کا اجلاس گزشتہ روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا، چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد،چیف فنانس آفیسر بدر ایم منظور خان،پی ایس ایل کی پراجیکٹ ڈائریکٹر نائلہ بھٹی،سینئر جنرل منیجر مارکیٹنگ شعیب شیخ،جنرل منیجر لیگل سلمان نصیر،ہیڈ آف پلیئر منیجمنٹ عمران احمد خان،فرنچائز مالکان علی نقوی،جاوید آفریدی،سلمان اقبال،ندیم عمر،گوہر اعجاز اور ثمین رانا شریک ہوئے۔

اس موقع پر شرکاء نے پی ایس ایل تھری کے کامیاب انعقاد پر نجم سیٹھی کو مبارکباد پیش کی،ایونٹ سے متعلقہ امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،متفقہ طور پر پی ایس ایل کے معاملات کی نگرانی کیلیے کمیٹیز بنانے کا فیصلہ کیا گیا جس میں پی سی بی اور فرنچائزز کے نمائندے شامل ہونگے، پی سی بی اور فرنچائزز کی جانب سے کرکٹ کے فروغ کیلیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بات چیت کیلیے دونوں طرف کے نمائندوں کی آج میٹنگ ہوگی۔