وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سعودی عرب کے وزیر توانائی صنعت و معدنی وسائل کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

جمعرات 3 مئی 2018 00:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے سعودی عرب کے وزیر توانائی صنعت و معدنی وسائل خالد اے ایل فلی کی سربراہی میں وفد نے وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزارتی کونسل کے ممبر ڈاکٹر موساد ایم اے الیہبان ، سعودی رائل کورٹ کے ایڈوائزر، وزیر دفاع کے خصوصی ایڈوائزر میجر جنرل طلال عبداللہ الاوطیبی، پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید بن المالکی شامل تھے۔

(جاری ہے)

سعودی وفد نے کنگ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود ، ڈپٹی وزیراعظم و وزیر دفاع نے وزیراعظم کیلئے نیک تمنائوں کا پیغام پہنچایا۔ انہوں نے وزیراعظم کو بتایا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ قریبی اقتصادی اور تجارتی روابط میں دلچسپی رکھتا ہے۔ وزیراعظم نے سعودی وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کے پاکستانی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت باہمی مفاد کیلئے تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور سعودی عرب کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔