پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کا صادق آباد میں جلسہ سے خطاب

جمعرات 3 مئی 2018 02:10

صادق آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملک میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں۔ صادق آباد میں عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قوم سے مذاق کر رہی ہے، انہیں کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صادق آباد جاگ رہا ہے تو جنوبی پنجاب کا دل جاگ رہا ہے، نواز شریف کو بھی آپ سے اتنی ہی محبت ہے، یہ محبت آسانی سے نہیں ملتی، میں خوش نصیب ہوں‘ زندگی بھر صادق آباد کے لوگوں کا پیار یاد رکھوں گا۔

نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی تو شے ہی کچھ نہیں، ان کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ کوئی کام نہیں آتا، کرکٹ کے زمانے میں نواز شریف کی خدمت کو بھول گئے، شوکت خانم ہسپتال بنانے کے لیے ہماری خدمت کو بھلا دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے عوام کی خدمت کی، اندھیرے دور کیے، دہشتگردی ختم کی، موٹر ویز بنائے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پشاور سے اسلام آباد اوراسلام آباد سے لاہور ہم نے بنائی ۔

اس سے قبل جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ لوگ خواجہ آصف کی قدر اس لیے کرتے ہیں کہ وہ وفادار آدمی ہیں اور عوام اپنے ہر دل عزیز لیڈر پر محبتیں نچھاور کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ لوٹوں کی دال نہیں گلنے والی کیوں کہ پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا الیکشن میں وہ انجام ہوگا کہ آئندہ لوگ پارٹی چھوڑنے سے پہلے 10 بار سوچیں گے۔