سٹیل کی پیداوارمیں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 37.1 فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

جمعرات 3 مئی 2018 10:30

سٹیل کی پیداوارمیں رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران 37.1 فیصد اضافہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) رواں مالی سال 2017-18ء کی پہلی ششماہی کے دوران سٹیل کی پیداوارمیں 37.1فیصد کا اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمارکے مطابق پبلک سیکٹرمیں بنیادی ڈھانچہ کے فروغ سے ملک میں سٹیل کی طلب میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جس کے تناظرمیں مقامی صنعت نے اپنی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات کئے اس طرح جاری مالی سال کے دوران سٹیل کی ملکی پیداوار میں 37فیصد سے زائد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سٹیل کی پیدوار میں 15.6فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق سٹیل کی طلب اور پیداوار میں اضافہ کا ایک اور سبب موٹر سائیکلزاور رکشوں کے پرزہ جات کی تیاری کیلئے بھی سٹیل کی طلب بڑھی ہے کیونکہ گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں روںا مالی سال کے دوران ملک میں تیارکئے جانے والے موٹر سائیکلز اورتھری ویلرز کی پیداوارمیں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صنعتوں کو بجلی کی فراہمی میں بہتری سے بھی سٹیل کی پیداوار بڑھانے میں مدد ملی ہے تاہم سٹیل کی مقامی طلب کے مقابلہ میں پیدوار میں اضافہ کے خاطرخواہ امکانات موجود ہیں تاکہ درآمدات میں کمی سے قیمتی زرمبادلہ کی بچت کی جاسکے۔