امریکا،کولمبیئن ڈاکٹر پر کتّوں کی آنتڑیوں میں منشیات اسمگل کرنے کا الزام

جمعرات 3 مئی 2018 11:00

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) امریکا میں کولمبیا سے تعلق رکھنے والے جانوروں کے ایک ڈاکٹر پر منشیات کی امریکا سمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق مذکورہ ڈاکٹر نے مائع ہیروئن کے پیکٹوں کو کتّے کے پِلّوں کی آنتوں میں چھپایا تھا۔

(جاری ہے)

نیویارک کے مشرقی حصّے میں استغاثہ کے دفتر کے مطابق ملزم آندریس لوپیز کو بروکلین کی وفاقی عدالت میں طلب کیا گیا جہاں اس پر ہیروئن امریکا لانے اور تقسیم کرنے کے حوالے سے الزامات عائد کئے گئے۔

اخباری رپورٹوں کے مطابق 38 سالہ لوپیز کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہے۔استغاثہ کے ذرائع کے مطابق قصور وار ٹھہرائے جانے کی صورت میں کولمبیا کے ڈاکٹر کو عمر قید کی سزا کا سامنا ہو گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بات کا بھی شبہ ہے کہ لوپیز 10 برس سے زیادہ عرصے سے امریکا منشیات لانے کی سازش میں شریک ہے۔استغاثہ کے مطابق لوپیز ہسپانیہ میں گرفتار ہوا تھا جس کے بعد اسے ملک بدر کر کے امریکا بھیجا گیا۔