صعدہ میں اتحادی طیاروں کی بمباری سے ایرانی اور لبنانی اسلحہ ساز ہلاک

یمنی فوج کا حوثی باغیوں پر حملہ ،19جنگجو ہلاک ، باقم ڈاریکٹوریٹ کے اہم علاقے آل صبحان پرقبضہ کرلیا

جمعرات 3 مئی 2018 11:59

صنعائ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) یمن میں ایران نواز حوثیوں کے گڑھ سمجھے جانے والے علاقے صعدہ میں عرب اتحادی فوج کی بمباری میں ایک ایرانی اور ایک لبنانی جنگجو مارا گیا،ادھر ایک دوسری پیش رفت میں یمن کی آئینی فوج نے شمالی صعدہ کی باقم ڈاریکٹوریٹ کے اہم علاقے آل صبحان کو باغیوں سے واپس لے لیا، بریگیڈ تین کے فوجیوں نے آل صبحان میں حوثی باغیوں کا گھیراؤ کیا اور کارروائی میں19جنگجو ہلاک اور 22 زخمی بھی ہوئے ،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن کے عسکری حکام نے ایک بیان میں کہاکہ صعدہ گورنری میں عرب اتحادی فوج کے طیاروں نے حوثی دہشت گردوں کے ایک ٹھکانے پر بم باری کی جس کے نتیجے میں حوثیوں کے ایرانی اور لبنانی دو اسلحہ ساز ہلاک ہوگئے۔

عسکری حکام نے بتایا کہ صعدہ میں حوثیوں کے ایرانی اور لبنانی معاونین کی کئی روز سے نگرانی کی گئی۔

(جاری ہے)

دونوں شدت پسند باقم ڈاریکٹوریٹ میں حوثیوں کے ایک گروپ کے ساتھ چھپے ہوئے تھے۔ادھر ایک دوسری پیش رفت میں یمن کی آئینی فوج نے شمالی صعدہ کی باقم ڈاریکٹوریٹ کے اہم علاقے آل صبحان کو باغیوں سے واپس لے لیا ۔یمنی فوج کے ایک سینئر عہدیدار بریگیڈیئر صالح قروش نے عرب ٹی وی کو بتایاکہ بریگیڈ تین اور پانچ کے فوجیوں نے صعدہ کے پہاڑی علاقوں مقیرع، البرکان، جبال آل الحدید، المیمنہ اور آل صبحان کے علاقوں سے باغیوں کو نکال باہر کرنے کے بعد ان کی سپلائی لائن کاٹ دی ہے۔

فوجی افسر کا کہنا تھا کہ تازہ آپریشن میں حوثیوں کا بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کیا گیا ،بریگیڈیئر قروش نے بتایا کہ بریگیڈ تین کے فوجیوں نے آل صبحان میں حوثی باغیوں کا گھیراؤ کیا اور کارروائی میں19جنگجو ہلاک اور 22 زخمی بھی ہوئے ۔