صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کو پارٹی منشور بنائیں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی کاآزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

جو لوگ صحافیوں پر حملے کرتے یا جرائم میں ملوث ہیں وہ آزادی اظہار اور مثبت خیالات سے خوفزدہ ہیں، پیپلزپارٹی ایسے عناصر کو گرفت میں لائے گی، بلاول بھٹوزرداری

جمعرات 3 مئی 2018 12:10

صحافیوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کو پارٹی منشور بنائیں گے، چیئرمین ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقعے پر میں پاکستانی میڈیا سے منسلک ورکرز کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی صحافیوں کے خلاف بلا روک و ٹوک جاری جرائم کی روک تھام کرے گی اور اس کو پارٹی منشور کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے، جو آج 3 مئی کو منایا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ بہت ہی افسوسناک ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان میں بہت سارے صحافی قتل کئے گئے یا انہیں کسی دوسرے طریقے سے نشانہ بنایا گیا لیکن تقریبا ان تمام مقدمات میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بلا روک و ٹوک جرائم کی روک تھام ضروری ہے اور ایسا ہو کر رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی صحافیوں کے مقدمات کی پیروی کے لئے ایک غیرجانبدار اسپیشل پراسیکوٹر جنرل مقرر کرے گی اور اس طرح کے واقعات کے متاثر صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی امداد کے لئے جرنلسٹس پروٹیکشن فنڈ قائم کرے گی۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو لوگ صحافیوں پر حملے کرتے یا جرائم میں ملوث ہیں وہ آزادی اظہار اور مثبت خیالات سے خوفزدہ ہیں۔

پیپلز پارٹی ایسے عناصر کو بے نقاب کرے گی اور انہیں قانون کی گرفت میں لائے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی نظریئے اور امن امان کے نام پر اظہار آزادی پر لگائی جانے والی دانستہ عائد قدغنیں ہٹا دے گی۔انہوں نے کہا کہ معلومات اور خیالات کی آزادنہ ترسیل شہریوں کو تقویت دیتی ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ میڈیا کے لوگ اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں بے خوف و خطر ادا کر سکیں۔

پی پی پی چیئرمین نے زور دیا کہ ریاستی ادارے تمام عذر کو بالائے طاق رکھتے ہوئے صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث قصورواروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ ان تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مشکل اور خطرناک حالات میں بھی اپنی پیش ورانہ ذمے داریاں بہادری سے نبھائیں ہیں۔