ایرانی میڈیا کی ٹیم کے ساتھ فرانسیسی پولیس کے تشدد آمیز رویّے کی مذمت

جمعرات 3 مئی 2018 12:11

تہران ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) ایران نے فرانس میں اپنے صحافی اور کیمرہ مین پر پولیس کی جانب سے کئے جانے والے تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی پولیس کو میڈیا کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی ضمانت فراہم کرنی چاہئے۔ایرانی خبر رسان ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے پیرس میں ایران کے ریڈیو و ٹیلی ویژن کے ادارے کی ٹیم کے ساتھ فرانسیسی پولیس کے تشدد آمیز رویّے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فرانسیسی پولیس کو اپنے ملک میں میڈیا اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی پیشہ ورانہ سرگرمیوں کی ضمانت دینی ہو گی۔

ترجمان نے کہا کہ ہم اس طرح کے واقعات کو ناقابل قبول سمجھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ فرانس کے متعلقہ حکام واقعہ کے ذمہ داروں سے سنجیدگی سے نمٹیں گے اور ایرانی میڈیا کی ٹیم کے ارکان کے علاج و معالجے کے لئے ایرانی سفارتخانے کے ساتھ پورا تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پیرس میں ایران کے ریڈیو اور ٹیلی ویژن کے نمائندہ دفتر کے رپورٹر شہسوار حسینی اور کیمرہ مین رامین توحیدیان پر گزشتہ منگل کوپیرس میں محنت کشوں کے مظاہرے کے دوران فرانسیسی پولیس کی ربڑکی گولیوں اورآنسوگیس کے گولوں کی فائرنگ بری طرح زخمی ہو گئے تھے اورکیمرہ مین رامین توحیدیان سرمیں ربڑکی گولی لگنے سے کوما میں چلے گئے تھے ۔