کراچی میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا‘ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 3 مئی 2018 12:43

کراچی میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا‘ہسپتالوں میں ایمرجنسی ..
 کراچی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔03 مئی۔2018ء) کراچی میں درجہ حرارت 42ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جس سے شہری بے حال ہوگئے ہیں ، شدید گرمی کے پیش نظر محکمہ صحت نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔ماہرین صحت نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی کے سرکاری ہسپتالوں میں آج اور کل ایمرجنسی نافذ رہے گی۔

سرکاری ہسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ہسپتالوں میں گرمی سے متاثرہ مریضوں کے لئے خصوصی وارڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،محکمہ صحت کی جانب سے آگاہی مہم شروع کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج درجہ حرارت 41 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے جبکہ آئندہ دو روز میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا بھی امکان ہے۔

(جاری ہے)

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مئی سال کا گرم ترین مہینہ شمار کیا جاتا ہے اور ہر سال کی طرح اس سال بھی مئی کا مہینہ شہر قائد پر سورج پوری آب و تاب کے ساتھ گرمی برسائے گا اور گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتا رہے گا۔ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاوکیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں،گرمی کی شدت سے بچنے کے لئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، بلا ضرورت دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔کراچی کے علاوہ سندھ کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار ہے۔پنجاب کے مختلف شہروں میں قدرت مہربان ہے،پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور خوشگوار ہواﺅں کا سلسلہ جاری ہے۔