کے پی کے میں اسپتال اور یونیورسٹیاں بنانے کے دعوے

کاشف عباسی کے سوال پر فواد چودھری ایک بھی اسپتال کا نام نہیں بتا سکے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات مئی 12:47

کے پی کے میں اسپتال اور یونیورسٹیاں بنانے کے دعوے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 مئی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں 834نئے اسکول بنے ہیں ، 9 نئی یونیورسٹیاں بنی ہیں،اسپتالوں میں 2765بستر شامل کیے گئے ہیں، 9 نئے اسپتال بنائے گئے ہیں، پانچ لاکھ سے زائد ہیلتھ کارڈ جا ری کیے گئے ، انہوں نے کہا کہ آپ تمام انڈیکس اٹھا کر دیکھ لیں ، پاکستان میں اگر کوئی صوبہ اس وقت ترقی کے اعتبار سے ٹاپ کر رہا ہے تو وہ کے پی کے ہی ہے۔

جس پر کاشف عباسی نے کہا کہ جن یونیورسٹیوں کی آپ بات کر رہے ہیں وہ یونیورسٹیون میں توسیع ہوئی ہے نئی یونیورسٹیاں نہیں بنیں، ساڑھے تین سو بیڈ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایڈ ہوئے ہیں لیکن کوئی اسپتال نیا نہیں بنا۔

(جاری ہے)

جس پر فواد چودھری نے کہا کہ 2012ء میں کے پی کے میں 25سو کے قریب ڈاکٹرز تھے اور اب 7500کے قریب ڈاکٹرز ہیں۔ کاشف عباسی نےفواد چودھری سے کہا کہ کے پی کے میں بننے والے نو نئے اسپتالوں کے نام بتا دیں، جس پر فواد چودھری نے کہا کہ میں نام آپ کو وٹس ایپ کر رہا ہوں آپ ٹی وی چلوا لیں، کاشف عباسی نے کہا کہ فون آپ کے ہاتھ میں ہے، آپ کوئی ایک نام بتا دیں لیکن فواد چودھری کسی بھی نئے اسپتال کا نام بتانے سے قاصر رہے۔ ویڈیو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے: