امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات رواں ہونے کے ساتھ خاطرخواہ پیش رفت کی بھی توقع کرتے ہیں ، چینی وزیر خارجہ

جمعرات 3 مئی 2018 13:26

سیئول۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) چین کے وزیر خارجہ وانگ یائی نے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان مذاکرات رواں رہیں گے اور ان میں خاطرخواہ پیش رفت بھی ہو گی ۔ جمعرات کو چینی میڈیا کے مطابق چینی وزیر خارجہ وانگ یائی ان دنوں شمالی کوریا کے دورے پر ہیں انہوں نے شمالی کورین وزیر خارجہ رائی یونگ ہو سے ملاقات کے دوران کہا کہ چین آبنائے کوریا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کی شمالی کورین کوششوں کی مکمل حمایت کرتاہے ۔

انہوں نے کہا کہ چین شمالی کوریا کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے اور وہ شمالی کورین جزیرہ نما کے مسئلہ کے سیاسی حل کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گا ۔ چینی وزیر خارجہ وانگ یائی نومبر 2007 کے بعد شمالی کوریا کا دورہ کرنے والے پہلے رہنما ہیں ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ آئندہ آنے واے چند ہفتوں میں شمالی کورین رہنما کم جونگ ان کی اریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ اعلی سطحی اجلاس میں شرکت متوقع ہے جبکہ کم اس سے قبل چین کے اپنے دورہ میں چینی صدر سے ملاقات کر چکے ہیں ۔ چینی وزیر خارجہ سے ملاقات کے دوران شمالی کورین وزیر خارجہ نے کہا کہ کم اور چینی صدر شی جن پھنگ کے درمیان مذاکرات سے شمالی اور جنوبی کوریا کے درمیان دوستانہ تعلقات کے قیام کی راہ ہموار ہوئی ہے ۔