2014 دھرنے بارے حقائق جلد منظر عام پر آجائیں گے، نواز شریف

جمعرات 3 مئی 2018 13:26

2014 دھرنے بارے حقائق جلد منظر عام پر آجائیں گے، نواز شریف
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ریاست کے تین ستون ہوتے ہیں جس پرایک ستون نے قبضہ کرلیا ہے،ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے،یہاں مغل بادشاہی کا دورنہیں ہے کہ ہرچیز ایک ہاتھ میں ہو، نیب کا سورج ملک میں چمک رہا ہے، سندھ میں لوگوں کو استثنی دیا جا رہا ہے، یہ 1979 نہیں بلکہ 2018 ہے،2014 دھرنے کے بارے میں بہت سے حقائق ہیں، جلد منظر عام پر آجائیں گے، آج پوچھنا چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹ اور حکومت کی رٹ کہاں ہے ۔

جمعرات کو احتساب عدالت کے باہرمیڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ صحافت کے ساتھ ساتھ ہمارا گلا بھی دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہمارا مقابلہ پیپلزپارٹی یا پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہے، خلائی مخلوق اپنی مرضی کی پارلیمنٹ لانے میں مصروف ہے، یہاں مغل بادشاہی کا دورنہیں ہے کہ ہرچیز ایک ہاتھ میں ہو اورریاست کے تین ستون ہوتے ہیں جس پر ایک ستون نے قبضہ کر لیا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب کا بیان مختلف چینلز اور اخبارات پر بریکنگ کے طور پرآیا، اگر زرداری صاحب نے بیان نہیں دیا توبریکنگ کس کے کہنے پر چلائی۔ نوازشریف نے کہا کہ آج پوچھنا چاہتا ہوں کہ پارلیمنٹ اور گورنمنٹ کی رٹ کہاں ہے، جب مجھے پارٹی صدارت سے نکالا گیا تو وہ کس طرح سے قانونی تھا۔نوازشریف نے کہا کہ نیب کہہ رہا ہے ان کا سورج پورے ملک میں چمک رہا ہے لیکن سندھ میں لوگوں کواستثنا دیا جا رہا ہے۔ 2014 کے دھرنے سے متعلق انہوں نے کہا کہ میرے پاس بہت کچھ ہے جو ابھی منظرعام پر نہیں آیا، دھرنے کے بارے میں بہت سے حقائق ہیں جو جلد منظرعام پرآجائیں گے۔