پولیس نے 11 روز بعد بازیاب ہونے والی عمر کوٹ کی 13 سالہ امیشا کی ملاقات والدہ اور بھائی سے کروا دی

جمعرات 3 مئی 2018 13:41

عمر کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2018ء) پولیس نے 11 روز بعد بازیاب ہونے والی عمر کوٹ کی 13 سالہ امیشا کی ملاقات اس کی والدہ اور بھائی سے کروا دی۔تفصیلات کے مطابق 18 اپریل کو گاؤں ہاشم پلی میں پولیس نے کم عمری کی شادی کی تقریب میں چھاپہ مار کر 13 سالہ امیشا خاصخیلی کو تحویل میں لے کر والدین کے حوالے کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم امیشا کے والدین نے بچی کے اغوا کا الزام پولیس پر عائد کردیا تھا۔

لڑکی کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ پولیس نے مقامی وڈیرے کی ایما پر شادی رکوائی اور لڑکی کو اپنے ساتھ لے گئی جو اب تک لاپتہ ہے ،ْ دوسری جانب پولیس حکام کا دعویٰ تھا کہ لڑکی کو قانونی کارروائی کے بعد اہلخانہ کے حوالے کردیا گیا تھاجس کا تحریری معاہدہ بھی موجود ہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں گذشتہ روز وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے ایک پریس کانفرنس کے دوران دعویٰ کیا کہ امیشا حیدرآباد پولیس کی تحویل میں ہے ،ْجسے ایک بلوچ جوڑے نے پولیس کے حوالے کیا ،ْجو انہیں سڑک کنارے ملی تھی۔

انہوں نے بتایا تھا کہ بچی کو تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اہلخانہ کے حوالے کردیا جائیگا۔حیدر آباد سے امیشا کی بازیابی کے بعد اسے سخت حفاظتی انتظامات میں عمر کوٹ کے سول ہسپتال لایا گیا ،ْجہاں میڈیکل ٹیسٹ کے بعد بچی کو ویمن تھانے منتقل کردیا گیااور بعدازاں امیشا کی والدہ اور بھائی سے اس کی ملاقات کرائی گئی۔ملاقات کے دوران امیشا کا کہنا تھا کہ اسے عمر کوٹ ویمن تھانے کی سابقہ ایس ایچ او خوش بخت سمیت مقامی وڈیرے فیض علی اور سیف اللہ نے اغوا کیا تھا۔امیشا کا کہنا تھا کہ اسے کوئی چیز کھلائی گئی، جس کے بعد اسے ہوش نہ رہا۔

متعلقہ عنوان :