عالمی یوم آزادی صحافت جمعرات کو منایا گیا، اس دن کا تھیم ’’طاقت کے استعمال پر نظر: میڈیا، انصاف اور قانون کی علمبرداری‘‘ تھا

جمعرات 3 مئی 2018 13:43

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا 25 واں عالمی یوم جمعرات کو منایا گیا۔رواں سال اس دن کا گلوبل تھیم ’’طاقت کے استعمال پر نظر:میڈیا، انصاف اور قانون کی علمبرداری‘‘(کیپنگ پاور ان چیک:میڈیا ،جسٹس اینڈ دی رول آف لائ) تھا ۔

(جاری ہے)

اس مرتبہ اس دن کی مرکزی تقریب ایک کانفرنس کی شکل میں جمہوریہ گھانا کے مقام ایکرا میں یونیسکو کے تعاون سے منعقد ہوئی جس میں میڈیا کے مسائل اور سیاسی عمل میں شفافیت،نظام عدل میں میڈیا لٹریسی ،عوامی اداروں کا قابل احتساب ہونے کی ضرورت زیر بحث لائی گئی۔

کانفرنس میں آن لائن پریس فریڈم پر بھی مفصل بحث کی گئی۔ عالمی یوم آزادی صحافت اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو کے تحت ہر سال دنیا بھر میں 3 مئی کو منایا جاتا ہے ۔یونیسکو نے اپنے جنرل کانفرنس کے 26ویں اجلاس جو 15 اکتوبر 1991ء پیرس میں منعقد ہوا اس میں ایک قرارداد کے ذریعے اس دن کو منانے کی سفارشات پیش کیں جس کے تحت اقوام متحدہ جنرل اسمبلی نے اس دن کو منانے کی باقاعدہ منظوری دی۔ یوں اس دن کو منانے کی ابتداء 1993ء میں ہوئی۔اس دن کو منانے کا مقصد آزادی صحافت اور صحافیوں کے جان ومال کے تحفظ کے لیے اقدامات کرنا ہے۔