واسا ایبٹ آباد کی آگاہی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا، واسا انتظامیہ کا کیہال بند کھوہ پر کیمپ کا انعقاد

جمعرات 3 مئی 2018 13:55

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) واسا ایبٹ آباد کی آگاہی مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا۔ دوسرے مرحلہ میں واسا کی انتظامیہ نے لو گوں میں صفائی کے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے کیہال بند کھوہ پر کیمپ کا انعقاد کیا۔ واسا کے میڈیا منیجر عمر خان سواتی کے مطابق کیمپ کا مقصد لو گوں میں آگاہی فراہم کرنا ہے تاکہ لو گ گھروں کے باہر کچرا نہ پھینکیں اور اس کام میں واسا کے سا تھ تعاون کریں۔

اس کیمپ میں واسا افسران نے بھی بھرپور شرکت کی اور عوام میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے پمفلٹ تقسیم کئے۔ اس موقع پر عوامی حلقوں کا کہنا تھا کہ واسا نے پاک صاف ایبٹ آباد کا جو نیک مشن شروع کیا وہ قابل تحسین ہے اور ہم واسا کے شانہ بشانہ بھرپور طریقہ سے چناروں کے شہر ایبٹ آباد کی ایک دفعہ پھر وہی رونقیں بحال کریں گے جو گذشتہ کچھ عرصہ سے ماند پڑھ گئی تھیں۔

(جاری ہے)

واسا عوامی کی خدمت میں ہر دم پیش پیش ہے، عوام کا بھی یہ فرض بنتا ہے کہ واسا کے ہمراہ صاف ستھرے ایبٹ آباد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ کیمپ میں عوام نے اپنی شکایات بھی درج کروائیں جس کیلئے فی الفور طور پر احکامات جاری کئے گئے۔ واسا کی جانب سے دوسرے مرحلہ کے آخری روز آج نواں شہر لکھ پتی چوک میں عوام کی آگاہی کیلئے کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا۔