ایبٹ آباد یورنیورسٹی کے زیراہتمام بی ایس/ایم ایس سی (سمسٹر سسٹم) کے امتحانات 25 مئی سے شروع ہوں گے

امتحانات سے قبل اساتذہ کو امتحانات ڈیوٹی، پرچہ جات اور نتائج کی تیاری کے حوالہ سے آگاہی ورکشاپ منعقد کی جائے گی، وائس چانسلر

جمعرات مئی 14:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 مئی2018ء) ایبٹ آباد یورنیورسٹی کے زیراہتمام بی ایس/ایم ایس سی (سمسٹر سسٹم) کے امتحانات 25 مئی سے شروع ہوں گے۔ امتحانات شروع ہونے سے قبل اساتذہ کو امتحانات ڈیوٹی، پرچہ جات اور نتائج کی تیاری کے حوالہ سے 2 روزہ آگاہی ورکشاپ کا انعقاد کرایا جائے گا تاکہ امتحانات کے بعد نتائج بھی بروقت سنائے جا سکیں۔

یہ فیصلہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد کی زیر صدارت ہونے والے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان، کنٹرولر امتحانات و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام تدریسی شعبوں کے سربراہوں نے اپنے اپنے شعبہ کی کارکردگی رپورٹ وائس چانسلر کو پیش کی۔ اجلاس میں متعدد تعلیمی و انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ تمام امتحانات کیلئے ڈیٹ شیٹ شعبہ امتحانات تیار کرے گا اور امتحانات کے تمام عمل کی نگرانی بھی کنٹرولر امتحانات کے ذمہ ہو گی جبکہ امتحانات سے قبل امتحانات کے حوالہ سے اساتذہ کی دو روز ہ ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے تمام تعلیمی شعبہ جات کے سربراہان کو ہدایات جاری کیں کہ وہ امتحانات کے حوالہ سے مہتمم امتحانات کے ساتھ تعاون کریں، ہماری اولین ترجیح ہمارے طلباء و طالبات ہیں، بروقت امتحانات اور نتائج کا اعلان کیا جائے۔

پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ ہم نے امتحانی نظام کو ٹھیک کرنے کیلئے متعدد اصلاحات لائی ہیں اور آئندہ بھی اگر ضرورت پڑی مزید اصلاحات لیکر آئیں گے، نظام تعلیم کی بہتری اور طلباء و طالبات کی فلاح کیلئے جو بھی مثبت تجاویز آئیں گی ان پر عمل کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :