حویلیاں میں گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد گرڈ سٹیشن کی منتقلی کیلئے 59 ملین جاری کر دیئے گئے ہیں، ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 3 مئی 2018 14:06

حویلیاں میں گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد گرڈ سٹیشن کی منتقلی کیلئے 59 ملین ..
ْایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) حویلیاں میں گرڈ سٹیشن کے افتتاح کے بعد گرڈ سٹیشن کی منتقلی کیلئے 59 ملین روپے جاری کر دیئے گئے ہیں، گرڈ سٹیشن کو رمضان المبارک سے پہلے منتقل کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کا وعدہ اس دور حکومت میں پورا کرنے کی یقین دہانی کرا دی جبکہ انہوں نے رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کرنے کی ہدایات بھی جاری کر دی ہیں۔

گذشتہ روز ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے ایس ای واپڈا ہزارہ سرکل اعجاز احمد کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس ای سردار ساجد، ایکسین ایبٹ آباد ستار خان، واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے رہنما جمیل اختر تنولی او ردیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کھولیاںبالا کو رمضان المبارک سے پہلے منتقل کرنے کی ہدایات جاری کیں جس کیلئے 59 ملین روپے کا فنڈ جاری کر دیا گیا ہے۔

گرڈ کی منتقلی سے حویلیاں میں بجلی کے جملہ مسائل حل ہو جائیں گے، گرڈ سٹیشن پر 336.6 ملین روپے لاگت آئی ہے۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے قیام کو اس دور حکومت میں یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے واپڈا کے افسران اور اہلکاروں کو کہا کہ وہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کے تقدس کا خیال کرتے ہوئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کریں۔